ہم جمہوریت کو پروان چڑھانے والوں میں شامل ہیں ، موجودہ حکومت نے جمہوریت کو پابندِ سلاسل کر کے بند گلی میں لا کھڑا کر دیا ہے، عوام حکمرانون کے جھانسے میں نہیں آئیں گے،ایم کیو ایم کے قائد کی ملک کے خلاف ہرزہ سرائی کرنے پرشدیدمذمت کرتے ہیں

پاکستان پیپلز پارٹی ورکرز کی سربراہ ناہید خان کی وفد سے گفتگو

ہفتہ 27 اگست 2016 21:21

اوکاڑہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 اگست ۔2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی ورکرز کی سربراہ اور بینظیر بھٹو کی سابق پولیٹیکل سیکرٹری ناہید خان نے کہا ہے کہ ہم جمہوریت کو پروان چڑھانے والوں میں شامل ہیں ہم نے جمہوریت کی بقاء کیلئے لاتعداد قربانیاں دی ہیں اور صعوبتیں برداشت کی ہیں مگر موجودہ حکومت نے جمہوریت کو پابندِ سلاسل کر کے بند گلی میں لا کھڑا کر دیا ہے۔

وہ ہفتہ کو پاکستان پیپلز پارٹی ورکرز کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کررہی تھیں ۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں ہر شخص کو آزادی ہوتی ہے ۔ ریاست کی ذمہ داری ہوتی ہے کہ وہ ریاست کے باسیوں کو جانی و مالی تحفظ فراہم کرے لوگوں کو روزگار دے، لوگوں کی مشکلات میں کمی ہو۔تمام سہولتیں جن میں تعلیم ، علاج ، روزگار کے مواقع موجود ہوں مگر موجودہ حکومت کو ان باتوں سے کوئی سروکار نہیں۔

(جاری ہے)

وہ صرف اور صرف ٹرینوں، بسوں اور سڑکوں کا جال بچھا کر جمہوریت کی خدمت سمجھتے ہیں مگر اب عوام ان کے جھانسے میں نہیں آئیں گے ۔ ہم نے حکومت کی غلط پالیسیوں ،عوام کو جمہوریت سے مستفید کرنے اور کرپشن میں ملو ث لوگوں کو کیفر کردا رتک پہنچانے کیلئے ملک گیر احتجاج شروع کر دیا ہے ۔انہوں نے ایم کیو ایم کے قائد کی ملک کے خلاف ہرزہ سرائی کرنے پرشدید لفظوں میں مذمت کی اور ملک کے خلاف برسرِ پیکار لوگوں کے گرد گھیرا تنگ کرنے پر زور دیااور کہا کہ جو لوگ پاکستان اور اس کی دھرتی سے پیار نہیں کرتے ان کو یہاں رہنے کا کوئی حق نہیں۔