بھارتی میڈیا کا مسئلہ کشمیر کو دنیا بھر میں بھرپور انداز میں اجاگر کرنے کیلئے وزیراعظم کے پارلیمانی ایلچی گروپ کے قیام کے خلاف زہریلا پروپیگنڈا

نوازشریف کے اہم اقدام کو بھارت کے اندرونی معاملات میں مداخلت قرار دیدیا

ہفتہ 27 اگست 2016 21:15

بھارتی میڈیا کا مسئلہ کشمیر کو دنیا بھر میں بھرپور انداز میں اجاگر ..

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 اگست ۔2016ء) بھارتی میڈیا نے وزیر اعظم نواز شریف کی جانب سے دنیا کے اہم ممالک میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کیلئے 22ارکان پارلیمنٹ کو خصوصی ایلچی کے طور پر مقرر کرنے کے اقدام پر زہریلا اور بے بنیاد پروپیگینڈا شروع کردیا اورپاکستانی وزیراعظم کے اس اقدام کو بھارت کے اندرونی معاملات میں مداخلت قرار دیدیا۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی میڈیا وزیر اعظم نواز شریف کی جانب سے دنیا کے اہم ممالک میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کیلئے 22ارکان پارلیمنٹ کو خصوصی ایلچی کے طور پر مقرر کرنے کے اقدام پر چیخ اٹھا اور اس نے پاکستان کے خلاف بے بنیاد پروپیگینڈا شروع کردیا ۔بھارتی میڈیا پاکستانی وزیراعظم کے اس تاریخی اقدام کو بھارت کے اندرونی معاملات میں مداخلت قرار دیتا رہا ۔

(جاری ہے)

بھارتی نیوز چینلز پاکستانی وزیراعظم کے اس اقدام کو بریکنگ نیوز کے طور پر چلاتے اور اس پر منفی تبصرے کرتے رہے ۔واضح رہے کہ وزیر اعظم نواز شریف نے مسئلہ کشمیرکو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے ارکان پارلیمنٹ کا 22 رکنی گروپ تشکیل دیکر انہیں اپنے خصوصی نمائندے مقرر کر دیا ہے ۔ ارکان پارلیمنٹ امریکہ ‘ یورپ ‘ خلیجی ممالک سمیت دیگر ممالک کا دورہ کر کے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم ‘ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے آگاہ کرے گا اور ان ممالک کی قیادت پر زور دیا جائیگا کہ وہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

اراکین پارلیمنٹ لائن آف کنٹرول پر بھارتی سیز فائر کیخلاف ورزی اور عام عوام کی ہلاکتوں کے حوالے سے عالمی برادری کو آگاہ کرے گا۔