Live Updates

قصاص تحریک میں شرکت پر تحریک انصاف ،دیگر جماعتوں کے شکر گزار ہیں‘خرم نواز گنڈا پور

3ستمبر کی احتجاجی ریلی کا دعوت نامہ نہیں ملا، جہانگیر ترین سے 28ستمبر کو اسلام آباد میں ملاقات ہوگی تحریک انصاف کے پاکستان مارچ میں شرکت کا حتمی فیصلہ سربراہ عوامی تحریک کریں گے ‘سیکرٹری جنرل عوامی تحریک

ہفتہ 27 اگست 2016 21:14

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 اگست ۔2016ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ شہر شہر جاری ہماری قصاص تحریک کے احتجاجی دھرنوں میں تحریک انصاف سمیت ق لیگ، جماعت اسلامی ،مجلس وحدت المسلمین ، سنی اتحاد کونسل، پیپلز پارٹی،جمیعت علمائے پاکستان کے راہنما و کارکنان شریک ہو رہے ہیں جس پر ہم ان کے شکر گزار ہیں ۔

سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ظلم اور قصاص کے لیے تمام جماعتیں اول روز سے شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ساتھ ہیں۔ تحریک انصاف سمیت اپوزیشن کی تمام جماعتوں نے 31جولائی کے قومی مشاورتی اجلاس کے موقع پر بھی سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف کے لیے اپنے بھر پورتعاون کا اعادہ کرتے ہوئے متفقہ اعلامیہ پر دستخط بھی کئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ3ستمبر کے پاکستان مارچ میں شرکت کے حوالے سے تحریک انصاف کی طرف سے باضابطہ دعوت نامہ موصول ہونے کے بعد غور و خوض ہوگا اور شرکت کے حوالے سے حتمی فیصلہ عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کریں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین سے آج 28اگست کو اسلام آباد میں ملاقات ہوگی جس میں احتجاجی تحریک کے حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوگی۔ دریں اثناء پاکستان عوامی تحریک کی طرف سے 28اگست کے احتجاج کے انتظامات کے لیے شمالی پنجاب کے صدر بریگیڈئیر (ر)محمد مشتاق للا کی سربراہی میں 10رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔کمیٹی راولپنڈی میں قصاص وسا لمیت پاکستان کے حوالے سے ہونے والے احتجاج کے جملہ انتظامات کی دیکھ بھال کرے گی۔

پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری ویڈیو لنک کے ذریعے لاہور سے خطاب اوردوسرے مرحلے کے احتجاجی پروگرام کے حوالے سے اہم گفتگو کریں گے ۔ڈاکٹر طاہر القادری نے 10رکنی کمیٹی کو ہدایت کی ہے کہ وہ احتجاجی دھرنے میں شرکت کے لیے وکلاء، اپوزیشن جماعتوں، سول سوسائٹی ودیگر سماجی تنظیموں کے رہنماؤ ں اور کارکنان کو شرکت کی دعوت دے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات