پشاور،جنوبی اضلاع میں اربوں روپے کے کروڈ آئل کی چوری کی فوری طور پر تحقیقات ہونی چاہیے،سردارحسین بابک

ہفتہ 27 اگست 2016 20:52

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 اگست ۔2016ء) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری سردار حسین بابک نے کہا ہے کہ جنوبی اضلاع میں اربوں روپے کے کروڈ آئل کی چوری کی فوری طور پر تحقیقات ہونی چاہیے۔ اُنہوں نے کہا کہ اسمبلی فلور پر یہ سنگین نوعیت کے مسئلے کو اُٹھایا گیا لیکن صوبائی حکومت کی معنی خیز خاموشی نہایت حیران کن ہے۔

اُنہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ بار بار میڈیا میں اربوں روپے کے کروڈ آئل چوری کی خبریں آنے کے باوجود احتسابی ادارے بھی خاموش ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا جو کہ قدرتی وسائل سے مالا مال ہے۔ موجودہ صوبائی حکومت ایک طرف صوبے کے قیمتی اثاثوں اور قدرتی وسائل کو اونے پونے داموں بیچ رہی ہے اور دوسری طرف کروڈ آئل کی چوری کی بہت بڑے سکینڈل پر پراسرار خاموشی صوبے کے غریب عوام کیساتھ زیادتی ہے۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ صوبے میں کروڈ آئل کی اربوں روپے کی چوری کیلئے جوڈیشل انکوائری کمیٹی بنائی جائے تاکہ اتنے بڑے پیمانے پر چوری میں ملوث لوگوں کا سراغ لگایا جا سکے اور اُن کو نہ صرف قرار واقعی سزا دی جائے بلکہ اُن سے ریکوری کو ممکن بنایا جائے۔ اُنہوں نے کہا کہ پختونخوا میں اور بالخصوص جنوبی اضلاع میں تیل و گیس کے بے پناہ ذخائر موجود ہیں اور روزانہ کی بنیاد پر نئے نئے ذخائر دیافت ہو رہے ہیں جو صوبے کی آمدنی میں نہ صرف اضافے کا سبب بن رہا ہے بلکہ صوبے میں صنعتی اور معاشی ترقی کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ کرپشن کیخلاف ریلیاں نکالنے اور سارے ملک کو سرپر اُٹھانے والے پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی اربوں روپے کے کروڈ آئل پر اپنی خاموشی کی وضاحت کریں اور عوام کو بتائیں کہ صوبے میں جاری کرپشن کیخلاف کب ریلی نکالیں گے۔اُنہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت نے صوبے کو بدترین مالی اور انتظامی مشکلات سے دوچار کر دیا ہے تین سال تک معدنیات کی نئی پالیسی بنانے کے نام پر نئے لیزز پر پابندی لگا کر صوبے کو کروڑوں کا نقصان پہنچایا۔ صوبے کے اہم شعبے سیاحت کو نجی تحویل میں دے کر اپنوں کو نوازنے کا سلسلہ جاری ہے۔

متعلقہ عنوان :