اقتصادی راہداری منصوبہ توانائی بحران کے خاتمہ میں معاون ثابت ہوگا ‘ افضل کھوکھر

اقتصادی راہداری کی سکیورٹی کیلئے سپیشل سکواڈ تشکیل دیا گیا ہے ‘ مشیر وزیر اعظم کی میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 27 اگست 2016 20:50

رائے ونڈ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 اگست ۔2016ء) مشیر وزیر اعظم و رکن قومی اسمبلی ملک محمد افضل کھوکھر نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ توانائی بحران کے خاتمہ میں معاون ثابت ہوگا ،اقتصادی راہداری کی سکیورٹی کیلئے سپیشل سکواڈ تشکیل دیا گیا ہے ۔وہ ان خیالات کا اظہار اپنے دفتر میں میڈیا کے نمائندوں سے کررہے تھے ۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت تعلیم اور صحت عامہ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے ،ملکی ترقی کا راستہ فنی تعلیم سے وابستہ ہے ،وزیر اعظم نے ملک بھر میں جدید سہولتوں سے آراستہ 30ہسپتال قائم کرنے کی منظوری دی ہے ،ہیلتھ کیئر سسٹم کی بہتری کیلئے ترکش ماڈل سے بھی استفادہ کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی طرف سے کشمیر مذاکرات کی پاکستانی پیشکش کو مسترد کرنا انتہائی افسوسناک ہے ،بھارت جموں کشمیر کے عوام کو اپنے حقوق خود ارادیت کی منصفانہ جدوجہد سے نہیں روک سکتا ،کشمیریوں سے سلامتی کونسل کی قراردادوں میں کئے وعدے پورے کئے جانا چاہئیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے کو غربت ،بھوک ،ناخواندگی اور دوسری سماجی برائیوں سے پاک کرنے کیلئے مشترکہ کوششوں میں حصہ لے رہاہے ،سارک ڈویلپمنٹ فنڈ کو فعال بناکر خطے میں ترقی کی کوششوں میں اہم کردار ادا کیا جاسکتا ہے ،جنوبی ایشیاء میں عوام کی ترقی کے بے پناہ مواقع موجود ہیں،افضل کھوکھر کہا کہ معاشی ترقی کے اہداف کے حصول کیلئے برآمدات پر توجہ ناگزیر ہے۔

متعلقہ عنوان :