ایم کیوایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار کی سربراہی میں سندھ تنظیمی کمیٹی کا اجلاس

اجلاس میں ایم کیوایم پاکستان کی سیاسی سرگرمیوں کو جاری رکھنے کیلئے حکام بالا سے بات چیت کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا

ہفتہ 27 اگست 2016 20:34

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 اگست ۔2016ء) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر محمدفاروق ستار کی سربراہی میں آج ایم کیوایم سندھ تنظیمی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا ۔ اجلاس میں سندھ اسمبلی میں ایم کیوایم کے قائد حزب اختلاف خواجہ اظہار الحسن ، ایم کیوایم سندھ تنظیمی کمیٹی کے انچارج مسعود محمود و اراکین اور اندرون سندھ حیدرآباد ، میر پور خاص ، ٹنڈو الہ یار ، سانگھڑ ، جامشورو اور سکھر کے زونل انچارجز و ارکان قومی و صوبائی اسمبلی سید وسیم حسین ، راشد خلجی ، صابر قائم خانی ، زبیر احمد ، دلاور قریشی ،ڈاکٹر ظفر کمالی ، سلیم بندھانی حیدرآباد کے حق پرست میئر طیب حسین ، ڈپٹی میئر سہیل مشہدی میرپور خاص کے چیئرمین فاروق جمیل درانی ،وائس چیئرمین فرید احمداور دیگر منتخب بلدیاتی نمائندگان نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں اندرون سندھ کی تنظیمی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور اس حوالے سے زونل انچارج و اراکین اسمبلی نے ڈاکٹر فاروق ستار کو اپنی مکمل رپورٹس پیش کیں ۔ اجلاس میں تحریکی کام کو پرامن ، جمہوری اور سیاسی طور پر آگے بڑھانے پر اتفاق کیا گیا اور کراچی سمیت اندرون سندھ میں سیاسی دفاتر کو سیل ار مسمار کرنے پر بھی گہری تشویش کااظہار کیا جبکہ شعبہ خواتین کی کارکنان کی گرفتاریوں کی بھی مذمت کی گئی ۔اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ ایم کیوایم پاکستان کی سیاسی سرگرمیوں کو جاری رکھنے کیلئے حکام بالا سے بات چیت کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا ۔