پاکستان کی طرف سے چینی بینک کی رکنیت میں توسیع کا خیر مقدم

پاکستان بینک کا بنیادی رکن ہے امریکہ اور جاپان نے ابھی رکنیت حاصل نہیں کی توسیع کے بعد بینک ارکان کی تعداد 57سے 90ہو جائے گی ، پاکستانی سفارتکار

ہفتہ 27 اگست 2016 19:29

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 اگست ۔2016ء ) پاکستان نے ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کی رکنیت میں توسیع کر خیر مقدم کیا ہے اور توقع ظاہر کی ہے کہ بینک کے ارکان میں اضافہ سے بینک کے بنیادی ڈھانچے کے نیٹ ورک میں اضافہ ہو گا اور اس سے خطے کے ممالک میں ترقیاتی عمل تیز ہو گا ، چین کی قیاد ت میں یہ بینک رکن ممالک کے لئے مضبوط مالی وسائل فراہم کرنے کا ذریعہ ہے تا کہ عوام کے معیار زندگی کو بہتر بنایا جاسکے۔

یہ بات چین میں پاکستانی سفارتخانے کے ایک عہدیدار نے بتائی ہے ۔ یاد رہے کہ ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک (اے آئی آئی بی )بینک کی رکنیت کیلئے دی گئی 30نئی درخواستوں پر ستمبر میں غور کرے گا اور توقع ہے کہ 2017ء کے ابتدا میں ا س کے ارکان کی تعداد 90تک پہنچ جائے گی اور اس طرح اس کے رکن ممالک کی تعداد ایشین ڈویلپمنٹ بینک ( اے ڈی بی ) سے بڑھ جائے گی جس کی قیادت امریکہ اور جاپان کے ہاتھ میں ہے ۔

(جاری ہے)

پاکستان چینی بینک اے آئی آئی بی کا بانی رکن ہے ، یہ پہلا کثیر الملکی مالیاتی ادارہ ہے جو ترقی پذیر ایشیائی ممالک کی طرف سے چینی منصوبے کے تحت قائم کیا گیا ہے ۔ پاکستانی سفارتکار نے مزید کہا کہ یہ ادارہ کسی ایک شعبے تک محدود نہیں رہے گا بلکہ یہ ٹرانسپورٹ ، توانائی ، بجلی ، مواصلات اور نقل و حمل کے شعبوں میں بھی کام کرے گا اور یہ نئے منصوبوں پر بھی غور و خوض جاری رکھے گا ۔

بینک دسمبر 2015ء میں قائم کیا گیا تھا اور اس کا مقصد ایشیاء بحرالکاہل کے علاقے میں بنیادی ڈھانچے کی تعمیر میں مدد دینا ہے اس وقت اس کے 57بنیادی ارکان ہیں جس میں برکس کے پانچ ممالک اور گروپ فور کے سات ممالک کے علاوہ مصر آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ بھی شامل ہیں جبکہ امریکہ اورجاپان نے ابھی تک اس میں شرکت نہیں کی ۔

متعلقہ عنوان :