کراچی کے مختلف علاقوں میں آندھی اور ٹھنڈی ہوائیں چل پڑیں،وقفہ وقفہ سے بارش

آندھی کے باعث فلائٹ آپریشن متاثر،مویشی منڈی میں متعدد ٹینٹ اکھڑ گئے

ہفتہ 27 اگست 2016 17:59

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔27 اگست ۔2016ء ) کراچی میں ہفتہ کے روز سخت گرمی کے بعد دوپہر کیوقت اچانک موسم تبدیل ہو گیا اور مختلف علاقوں میں آندھی اور تیز ہواوٴں کے ساتھ بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا جو وقفہ وقفہ سے جاری رہا ، آندھی کے باعث ائیر پورٹ پر فلائٹ آپریشن بھی متاثر ہوا جبکہ تیز ہواؤں سے مویشی منڈی میں متعدد ٹینٹ اکھڑ گئے۔

تفصیلات کے مطابق ہفتہ کوشہر قائد میں تیز ہواوٴں کے ساتھ بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا ۔نارتھ کراچی ،نیو کراچی ،ناظم آباد ،نارتھ ناظم آباد ،قائد آباد،کورنگی،ایئرپورٹ ،گلستان جوہر،گلشن اقبال سمیت مختلف علاقوں میں تیز بارش ہوئی جب کہ آئی آئی چندریگر روڈ،صدر،ٹاور،کلفٹن اور ضلع جنوبی کے علاقوں میں گہرے سیاہ بادل دن میں رات کا منظر پیش کررہے تھے تیز ہوا اور بارش کے باعث کراچی کے جناح انٹر نیشنل ائیر پورٹ پر حد نگاہ پچاس میٹر ہوگئی جس کے باعث فلائٹ آپریشن متاثر ہوا ہے ،ایک گھنٹے کے دوران نہ تو کسی پرواز نے اڑان بھری ہے اور نہ ہی کوئی طیارہ لینڈ ہوا ہے تاہم موسم میں بہتری آتے ہی پروازوں کو اڑان بھرنے کی اجازت دیدی گئی۔

(جاری ہے)

تیز ہواوٴں کے باعث سہراب گوٹھ میں لگنے والی ایشیا کی سب سے بڑی روایتی مویشی منڈی مین نصب ٹینٹ اکھڑ گئے ہیں محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش کا سلسلہ چند روز تک جاری رہے گا اور اس دوران تیز ہوائیں بھی چلیں گی۔

متعلقہ عنوان :