فیصل آباد، مختلف ٹریفک حادثات میں دو افراد جاں بحق ، 8 زخمی ہو گئے

ہفتہ 27 اگست 2016 17:53

فیصل آباد:(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔27 اگست ۔2016ء ) شہر اور گردونواح مختلف ٹریفک حادثات میں دو افراد جاں بحق جبکہ 8افراد زخمی ہو گئے، جنہیں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ، آن لائن کے مطابق تھانہ ڈی ٹائپ کے علاقہ علامہ اقبال کالونی کا رہائشی فیضان ولد محمد اکبر گھر سے بازار جارہا تھا کہ غوثیہ چوک میں سڑک کراس کرتے ہوئے موٹر سائیکل کی ٹکر سے شدید زخمی ہوگیا جسے فوری طور پر سول ہسپتال منتقل کیا گیا مگر وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے آج صبح دم توڑ گیا ، ہسپتال انتظامیہ نے ضروری کارروائی کے بعدنعش ورثاء کے حوالے کر دی ۔

(جاری ہے)

سرگودھا کے نواحی علاقے کارہائشی 45سالہ عبداللہ گزشتہ روز ٹریفک حادثے میں شدید زخمی ہوگیا تھا جوالائیڈ ہسپتال میں دوران علاج چل بسا ، سمندری روڈ انڈر پاس میں تیز رفتار موٹر سائیکل سوار نو جوان پڑے جنگلے سے ٹکرا کر شدید زخمی ہو گیا جسے طبی امداد کیلئے ریسکیو1122نے ہسپتال منتقل کر دیا ہے ، نڑوالہ روڈ پر دو موٹر سائیکلوں میں تصادم کے نتیجے میں غلام رسول ، انیس احمد اور سرفراز زخمی ہو گئے ، سرگودھا روڈ باوا چک کے قریب رکشہ اور موٹر سائیکل میں تصادم کے نتیجے میں نظام اور صغیر احمد زخمی ہو گئے جنہیں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔