شہری علاقوں سے نکاسی آب کیلئے تمام ادارے ہنگامی بنیادوں پر کام کریں ‘ ملک ندیم کامران

ہفتہ 27 اگست 2016 16:47

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 اگست ۔2016ء) چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے سیلاب ملک ندیم کامران نے کہا ہے کہ دریاؤں اور سیلابی نالوں میں سیلاب کے علاوہ شہروں میں شدید بارشوں سے جمع ہونے والے پانی سے شہری آبادیاں متاثر ہو سکتی ہیں اس صورتحال سے بچاؤ کیلئے واسا سمیت تمام شہری اداروں کو غیر معمولی کردار ادا کرنا ہوگا ،شہروں سے نکاسی آب کا کام ہنگامی بنیادوں پر نہ کیا گیا تو شہری زندگی بری طرح متاثر ہو گی ، معمول سے زیادہ متوقع بارشوں کے پیشِ نظر شہروں کی انتظامیہ نکاسیٴ آب کے انتظامات ہر طرح سے مکمل رکھیں تاکہ اچانک بارش کی صورت میں شہریوں کو کسی ناگہانی صورت حال کا سامنا نہ کرنا پڑے،وزیر اعلیٰ پنجاب کی اس ضمن میں خصوصی ہدایت ہے کہ تیز بارشوں کی صورت میں شہروں میں معمولاتِ زندگی بحال رکھنے کے لئے ہر ممکن انتظامات بروئے کار لائے جائیں۔

(جاری ہے)

ملک ندیم کامران گزشتہ روز سرکٹ ہاؤس ملتان میں ملتان،بہاول پور اور ڈیرہ غازی خان ڈویژنوں میں سیلابی صورت حال کا جائزہ لینے کے لئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے اجلاس میں تینوں ڈویژنوں کے انتظامی افسران کے ساتھ ساتھ محکمہ آب پاشی‘تعلیم‘صحت اور لائیو سٹاک کے ضلعی افسران نے شرکت کی۔ملک ندیم کامران نے اضلاع کے ڈی سی او ز کو ہدایت کی کہ وہ محکمہ آب پاشی کی مشاورت سے اپنے اضلاع میں ایسے منصوبوں کی نشان دہی کریں جن کی تعمیر سے سیلاب سے مستقل بچاؤ ممکن ہوسکے ۔

جو رقوم ہم ہر سال سیلابی ایمرجنسی کی صورت میں خرچ کرتے ہیں‘انہی سے ہم رفتہ رفتہ اپنے حفاظتی انتظامات کو بہتر کر کے شہریوں کو سیلاب سے مستقل بنیادوں پر محفوظ رکھ سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ مجوزہ منصوبے اور ان کی لاگت بارے مفصل رپورٹ ہر صورت 15ستمبر تک ان کو بھجوادی جائے تاکہ وہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے علم میں لاکران منصوبہ جات پر عمل در آمد کے احکامات صادر کرواسکیں۔

سیلابی علاقوں اور دریائی گزرگاہوں سے سو فیصد تجاوزات ہٹانے پروزیر زکوٰة و عشر پنجاب و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے سیلاب ملک ندیم کامران نے ڈی سی او ملتان نادر چٹھ کوشاباش دی ۔صوبائی وزیر کوبتایا گیا کہ تحصیل صدر میں 416‘تحصیل شجاع آباد میں 178اور تحصیل جلال پور پیروالا میں 156تجاوزات کی نشان دہی کی گئی تھی جن کو مقررہ مدت میں سو فیصد ہٹا دیا گیا اور ایک بھی ناجائز تجاوز باقی نہیں بچا۔ڈی سی او ملتان نے اس موقع پر کہا کہ یہ سب ضلع کے ارکانِ قومی و صوبائی اسمبلی اور متعلقہ تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنر حضرات کے تعاون اور محنت کی وجہ سے ممکن ہوا۔