حملے کے بعد کابل میں امریکن یونیورسٹی کی بحالی کا کام شروع

ہفتہ 27 اگست 2016 13:35

واشنگٹن ۔ 27 اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔27 اگست۔2016ء) افغانستان کے دارالحکومت کابل میں امریکن یونیورسٹی کی بحالی پر کام شروع ہو گیا۔امریکن یونیورسٹی کی ویب سائیٹ پر جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق حملے کے نتیجے میں یونیورسٹی کی عمارت کو جو نقصان پہنچا، اْس کی بحالی کا کام شروع کر دیا گیا ہے تاکہ کیمپس کو دوبارہ کھولا جا سکے۔

بیان میں کہا گیا کہ یونیورسٹی کی سکیورٹی ہمیشہ سے اہم ترجیح رہی ہے اور سکیورٹی کے انتظامات کو مزید بہتر بنانے کے لیے افغان حکومت کے ساتھ مل کر کام کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

یونیورسٹی کے بیان میں کہا گیا کہ اس وقت یہ نہیں بتایا جا سکتا کہ کب یہ تعلیمی ادارہ دوبارہ اپنا کام شروع کرے۔بیان میں کہا کہ یہ افواہیں بالکل بے بنیاد ہیں کہ یونیورسٹی کو بند کر دیا گیا ہے۔

انتظامیہ کی طرف سے کہا گیا کہ امریکن یونیورسٹی آف افغانستان دہشت گردوں کے سامنے نہیں جھکے گی اور اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ یونیورسٹی اپنا مشن جاری رکھے گی۔واضح رہے کہ امریکن یونیورسٹی پر بدھ کی شام ہونے والے حملے میں 13 افراد مارے گئے تھے، جن میں ایک پروفیسر، سات طالب علم، یونیورسٹی کے دو سکیورٹی گارڈز اور افغان نیشنل سکیورٹی فورسز کے تین اہلکار شامل ہیں۔

متعلقہ عنوان :