عالمی سطح پر بے روزگار نوجوانوں کی تعداد میں اضافہ متوقع ہے، رپورٹ

ہفتہ 27 اگست 2016 13:35

جنیوا۔ 27 اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔27 اگست۔2016ء) عالمی ادارہ محنت”آئی ایل او“ نے کہا ہے 2016ء میں نوجوانوں کی بے روزگاری کی شرح 13.1 فی صد تک پہنچ جائے گی۔ عالمی تنظیم کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس سال عالمی سطح پر بے روزگار نوجوانوں کی تعداد میں پانچ لاکھ کا اضافہ متوقع ہے جس سے بے روزگار نوجوانوں کی مجموعی تعداد سات کروڑ دس لاکھ تک پہنچ جائے گی۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ گزشتہ تین برسوں میں یہ اس نوعیت کا پہلا اضافہ ہے۔تنظیم کا کہنا ہے کہ تشویش کا ایک اہم پہلو یہ ہے کہ روزگار ہونے کے باوجود نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد انتہائی یا درمیانے درجے کی غربت میں اپنی زندگی گزار رہی ہے۔ ان میں سے زیادہ تر کا تعلق ابھرتے ہوئے اور ترقی پذیر ملکوں سے ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ روزگار کمانے والے 37.7 فی صد یا 15 کروڑ 60 لاکھ سے زیادہ نوجوان تین ڈالر دس سینٹ روزانہ سے کم معاوضے پر اپنی گزر بسر کر رہے ہیں۔ ترقی پذیر ملکوں میں کام کرنے والوں میں غربت کی شرح 70 فی صد سے زیادہ ہے۔