عراق میں نقل مکانی کرنے والے 48 شہری داعش کے ہاتھوں قتل

ہفتہ 27 اگست 2016 12:17

بغداد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 اگست ۔2016ء) عراق میں کرکوک کے شہر حویجہ کے علاقے سے نقل مکانی کرنے والے 48 شہریوں کو شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ داعش کے جنگجووٴں نے پکڑ کر موت کے گھاٹ اتار دیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق عراق کے سرکاری حکام نے بتایاکہ حویجہ کے مقام سے درجنوں شہری نقل مکانی کرکے عراقی فوج کے زیرکنٹرول علاقوں میں منتقل ہونے کی کوشش کررہے تھے کہ داعشی جنگجووٴں نے انہیں گھیرے میں لے لیا اور گولیاں مار کر انہیں قتل کردیا۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ کرکوک میں حالیہ ایام میں داعشی جنگجو 250 شہریوں کو نقل مکانی کی کوشش کے دوران قتل کرچکے ہیں جب کہ اقوام متحدہ کے اعدادو شمار کے مطابق داعش نے فرار کی کوشش کرنے والے تین ہزار شہریوں کو یرغمال بنا رکھا ہے۔

(جاری ہے)

قبل ازیں داعش نے حویجہ شہر میں داخل ہوکر دسیوں شہریوں کو قتل کردیا تھا۔ داعش کا کہنا تھا کہ نقل مکانی کرنے والے دوسروں کوبھی علاقہ چھوڑنے کی ترغیب دے رہے ہیں۔

چند روز پیشتر حویجہ سے کوک کی طرف نقل مکانی کرنے والے تین ہزار شہریوں کو داعش نے یرغمال بنا لیا تھا۔ بعد ازاں ان میں سے 12 افراد کے سر قلم کردیے تھے۔عراق میں انسانی حقوق آبزرویٹری کے مطابق داعش کے 100 سے 120 جنگجووٴں نے حویجہ کے تین ہزار سے زاید شہریوں کو یرغمال بنا رکھا ہے جنہیں جنگجو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کررہے ہیں۔ انسانی حقوق کی رصدگاہ کے مطابق یرغمالیوں میں بچے اور عورتیں بھی شامل ہیں۔ داعش نے یرغمال بنائے گئے دسیوں افراد کو قتل کردیا ہے۔ ان میں سے چھ افراد کو زندہ جلا دیا گیا تھا۔

متعلقہ عنوان :