جیونی میں مسلح افراد کی لیویز گاڑی پر فائرنگ ‘تحصیلدار سمیت 6 اہلکار شہید ‘رسالدار میجر زخمی

وزیراعلیٰ بلوچستان نے واقعہ کا نوٹس لے لیا کمشنر مکران ڈویژن سے رپورٹ طلب

جمعرات 25 اگست 2016 22:44

گوادر/ جیونی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 اگست ۔2016ء ) بلوچستان کے ایرانی سرحد کے قریب علاقے میں مسلح افراد کی جانب سے لیویز گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں تحصیلدار سمیت 6 لیویز اہلکار جاں بحق جبکہ رسالدار میجر شدید زخمی ہوگیا ، وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اﷲ زہری نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر مکران ڈویژن سے رپورٹ طلب کرلی ہے ۔

کمشنر مکران ڈویژن عبدالبشیربنگلزئی کے مطابق گزشتہ روز پاک ایران سرحدکے قریب کلدان کے مقام پر مسلح افراد نے لیویز گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں پانچ لیویز اہلکار موقع پر جاں بحق ہوگئے جبکہ تحصیلدار اور رسالدار میجر شدید زخمی ہوگئے ۔ زخمیوں اور جاں بحق ہونے والوں کو فوری طور قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے تحصیلدار بھی جاں بحق ہوگیا تاہم لیویز کی جانب سے اس کی باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق ہسپتال میں ڈاکٹرز رسالدار میجر کی زندگی بچانے کی سرتوڑ کوشش کررہے ہیں جبکہ سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیکر تفتیش شروع کردی ۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اﷲ زہری نے جیونی میں لیویز گاڑی پر مسلح افراد کی فائرنگ کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے جاں بحق ہونیوالے لیویز اہلکاروں کے اہلخانہ سے تعزیت کااظہار کیاہے اورکہاکہ ہے واقعہ میں ملوث ملزمان کاکھوج لگا کر انہیں قانون کے کٹہرے میں لایاجائیگا،وزیراعلیٰ نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر مکران ڈویژن سے رپورٹ بھی طلب کرلی ہے ۔