الطاف حسین نے ملک میں عدم استحکام پید اکرنیکی کوشش کی،ایم ساجد عباسی

میڈیا پر حملہ، آزادی صحافت کا گلہ گھوٹنے کی کوشش کرنے کے مترادف ہے،نومنتخب چیئرمین

جمعرات 25 اگست 2016 21:56

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 اگست ۔2016ء) پاکستان مسلم لیگ(ن)اسلام آبادسٹی کے جنرل سیکرٹری و نومنتخب چیئرمین ایم ساجد عباسی نے الطاف حسین کی طرف سے پاکستان کے خلاف نازیباالفاظ استعمال کرنے اور میڈیا ہاؤسز پر حملے کی شدیدمذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ میڈیا دفاترپر حملہ ایم کیو ایم کی پست ذہنی اور کم حوصلگی کا شاخسانہ ہے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی کرنیوالے محب وطن نہیں ہوسکتے،الطاف حسین کے بیان نے پوری قوم کے دلوں کوٹھیس پہنچائی ہے،ان کے اس بیان سے جو انتشار کی فضاپیدا ہوئی وہ قابل افسوس ہے۔جاری بیان میں ایم ساجد عباسی نے مزیدکہاکہ پاکستان میں جاری سی پیک منصوبے کوناکام بنانے کیلئے اندرون وبیرون ملک دشمن کی طرح کی سازشیں کررہے ہیں کیونکہ وہ جانتا ہے کہ راہداری منصوبے سے خطے میں معاشی انقلاب برپا ہوگا اور یہ منصوبہ پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں لاکھڑا کرے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ملک پاکستان کے خلاف غلیظ زبان بولنے والے غداری کے زمرے میں آتے ہیں،کوئی محب وطن پاکستانی پاکستان کے خلاف ایک لفظ بھی نہیں سن سکتا،پاکستان کے خلاف بولنے والے کسی رعائیت کے مستحق نہیں ہیں۔نومنتخب چیئرمین ایم ساجد عباسی نے کہاکہ کراچی میں میڈیا پر حملہ آزادی صحافت پر حملہ ہے اور آزادی صحافت کا گلا گھوٹنے کی کوشش کرنے کے مترادف ہے اور ذمہ داران کو اس کی سزا مل کررہے گی۔