عدل و انصاف کے بغیر کوئی بھی معاشرہ قائم نہیں رہ سکتا،گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی

جمعرات 25 اگست 2016 20:36

کوئٹہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 اگست ۔2016ء ) گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے کہا ہے کہ عدل و انصاف کے بغیر کوئی بھی معاشرہ قائم نہیں رہ سکتا۔ انہوں نے صوبائی محتسب پر زور دیا کہ وہ عوام کو بروقت اور سستے انصاف کے انتظام کے لئے تمام دستیاب سہولیات و وسائل کیساتھ ساتھ اپنی تما م تر صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو صوبائی محتسب محمد واسع ترین سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔

گورنر بلوچستان نے کہا کہ سائلین کو فوری اور سستے انصاف کی فراہمی ہمارے آئین کا بنیادی مقصد ہے۔ بد انتظامی کی شکایات کو دور کرنے اور انتظامی خدمات کو مزید موثر بنانے کے لئے خصوصی اقدامات کی ضرورت ہے۔ گورنر نے کہا کہ سرکاری محکموں کی کارکردگی پر نظر رکھنے اور وکلاء تک رسائی کی استطاعت نہ رکھنے والے غریب اور زیر دست لوگوں کو انصاف تک رسائی دینے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں۔

(جاری ہے)

گورنر نے عوامی شکایات کے ازالہ کے حوالے سے صوبائی محتسب اورانکے ادارے کی کاوشوں کو سراہا۔ اس موقع پر صوبائی محتسب نے گورنر بلوچستان کو اپنے ادارے کی سالانہ رپورٹ برائے سال 2015 پیش کرتے ہوئے بتایا کہ صوبائی محتسب کے ادارے نے سال 2015میں 1395سائلین کی شکایات پر فیصلے جاری کئے جن میں سے بیشتر سائلین کے مسائل کا ازالہ بھی کیا گیا۔