مسلم لیگ ن جمہوریت نہیں کرپشن بچانا چاہتی ہے، ڈاکٹر نوشین حامد

جمعرات 25 اگست 2016 19:16

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 اگست ۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی ڈاکٹر نوشین حامد نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن جمہوریت نہیں کرپشن بچانا چاہتی،ہماری مہم کرپٹ عناصر کے خلاف ہے، نوازشریف کی نااہلی کے لئے ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ بالکل درست ہے ،نوازشریف کے خلاف ریفرنس کے لئے بہت مواد موجود ہے،تین سالوں میں کرپشن کے ریکارڈ قائم کئے گئے ،پانامہ لیکس کے حوالے سے وزیراعظم ٹھوس جواب نہ دے سکے ،انہوں نے کہاکہ عمران خان نے ہمیشہ سچائی کا ساتھ دیا ہے اور یہ ہی وجہ ہے کہ عوام ان پر بہت اعتماد کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

عمران خان کا موقف فتح پاچکا ہے اور اسلام آباد میں طویل دھرنے میں عوام نے بہت جوش سے شرکت کی۔عوام بد عنوان حکمرانوں سے نجات چاہتے ہیں،وزیراعظم کے خلاف ریفرنس عوام کا فیصلہ ہے۔عوام اپنی لوٹی ہوئی دولت کا حساب لینا چاہتے ہیں۔عوام کوعلم ہے کہ کس نے ان حقوق پر ڈاکہ ڈالا ہے۔کون ان کے وسائل پر قابض ہے۔حکمران تین سالوں میں ملک کے لئے کچھ نہیں کرسکے وہ صرف قرضے لینے میں کامیاب ہوئے ہیں۔