سرکاری دکانیں فروخت کرنیوالے 122دکانداروں کے کوائف اکھٹے کرنے کا حکم

جمعرات 25 اگست 2016 17:41

رائے ونڈ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 اگست ۔2016ء ) سرکاری دکانیں فروخت کرنیوالے 122دکانداروں کے کوائف اکھٹے کرنے کا حکم دیدیا گیا۔ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ رائے ونڈ مین بازار کی سرکاری 156دکانوں میں سے 122دکانوں کی فروخت کے انکشاف کے بعد اعلیٰ حکام نے چیف آفیسر سی او یونٹ رائے ونڈ طیب مقصود سے ایسے تمام دکانداروں کے کوائف مانگ لئے ہیں جنہوں معاہدہ پٹہ داری کی سنگین خلاف ورزی کرتے ہوئے 70لاکھ سے ایک کروڑ روپے کی دکان فروخت کی ہے ۔

ذرائع کے مطابق چیف آفیسر نے سیاسی دباؤ کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے سرکاری جائیداد کی لوٹ مار کے اصل حقائق پر مبنیٰ سمری کی تیاری شروع کردی ہے جس میں 1967سے معاہدہ پٹہ داری کی خلاف ورزی کے مرتکب ایسے تمام دکانداروں کی تفصیلات جمع کی جارہی ہے ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق درجنوں ایسی دکانوں کی فروخت کا بھی انکشاف ہوا ہے جو پانچ سے دس مرتبہ مختلف افراد کے ہاتھوں کروڑوں روپے میں فروخت ہو چکی ہیں درجنوں ایسی دکانوں کی غیر قانونی تعمیر کر کے انکو ایک کروڑ روپے سے زائد رقم میں فروخت کیا گیا ہے ۔

سابق صوبائی وزیر چوہدری عبدالغفور خاں نے 156دکانوں کی بندر بانٹ کے خلاف علم بلند کررکھا ہے کہ وہ شہر کی قیمتی کمرشل پراپرٹی کی لو ٹ مار نہیں ہونے دینگے ۔انہوں نے کہا کہ اس وقت صرف 36دکاندار اپنی اصل پوزیشن میں موجود ہیں انکے علاوہ تمام دکانداروں کو بے دخل کرکے ایسی دکانوں کو بحق سرکار ضبط کر لیا جائے جن کی غیر قانونی فروخت سے کروڑوں روپے کی دیہاڑیاں لگ چکی ہیں ۔

متعلقہ عنوان :