ایم کیوایم کے 3رہنماؤں سمیت38 کارکنان ایک روزہ ریمانڈ پرپولیس کے حوالے

گرفتارملزمان کو کمرہ عدالت سے باہر ایا گیا توانہوں نے پاکستان زندہ باد اورڈی جی رینجرز زندہ باد کے نعرے بھی لگائے

جمعرات 25 اگست 2016 17:29

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 اگست ۔2016ء) انسداد دہشت گردی کی منتظم عدالت نے ایم کیوایم کے3رہنماؤں سمیت 38 کارکنوں کا ایک روزہ ریمانڈ منظور کرلیا ہے۔ جبکہ کارکنان نے پولیس وین میں بیٹھنے کے دوران پاکستان زندہ باد اورڈی جی رینجرز سندھ زندہ باد کے نعرے لگائے۔جمعرات کو ایم کیو ایم قائد کی جانب سے پاکستان مخالف تقریر اور اس کے بعد نجی ٹی وی چینل پر حملے کے بعد حراست میں لئے گئے ایم کیو ایم کے 3رہنماؤں کنور نوید جمیل ،قمر منصور اور شاہد پاشا سمیت 38 کارکنان کو پولیس نے انسداد دہشت گردی کی منتظم عدالت میں پیش کردیا۔

اس موقع پر پولیس نے موقف اختیار کیا کہ تمام ملزمان پر پاکستان مخالف اور غلیظ الفاظ استعمال کرنے کا الزام ہے جب کہ ملزمان پرغداری، دہشت گردی سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمات درج ہیں اور مقدمے میں نامزد ایم کیو ایم کے ڈپٹی کنوینئر فاروق ستار سمیت 1500 سے 2 ہزار افراد عدم گرفتار ہیں۔

(جاری ہے)

پولیس نے عدالت سے استدعا کی کہ تمام ملزمان سے تفتیش کرنا ہے اس لئے انہیں 14 روزہ ریمانڈ پر حوالے کیا جائے تاہم عدالت نے پولیس کی درخواست مسترد کرتے ہوئے تمام 38 ملزمان کو ایک روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

گرفتار ملزمان کو کمرہ عدالت سے باہر لایا گیا تو ایم کیو ایم کارکنان نے پاکستان زندہ باد، پاک آرمی زندہ باد، ڈی جی رینجرز سندھ زندہ باد کے نعرے بھی لگائے۔واضح رہے کہ ایم کیو ایم کے گرفتار کارکنان کے خلاف آرٹلری میدان تھانے میں مقدمہ درج ہے جب کہ مقدمے میں فاروق ستار کے علاوہ سابق سٹی ناظم حیدرآباد نوید کنور، قمر منصور اور شاہد پاشا بھی شامل ہیں۔