کرپشن کیخلاف تحریک ملکی بقاء اور آنے والی نسلوں کے مستقبل کی جنگ ہے‘ جمشید اقبال چیمہ

گزشتہ پانچ سالوں میں پاکستان سے بھجوائے گئے 8کھرب 38ارب سے بیرون ممالک جائیدادیں خریدی گئیں

جمعرات 25 اگست 2016 17:27

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 اگست ۔2016ء ) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ کرپشن کیخلاف تحریک ملکی بقاء اور آنے والی نسلوں کے مستقبل کی جنگ ہے ،گزشتہ پانچ سالوں میں پاکستان سے بھجوائے گئے 8کھرب 38ارب روپے سے بیرون ممالک جائیدادیں خریدی گئیں ،عمران خان کی طویل جدوجہد نے حکمرانوں کو حواس باختہ کردیا ہے اور پریشانی انکے چہروں سے صاف عیاں ہے ۔

اپنے ایک بیان میں جمشید چیمہ نے کہا کہ جب حکمران اور ان کے خاندان بیرون ممالک کاروبار کریں گے تو غیر ملکی سرمایہ کار کیوں پاکستان کا رخ کریں گے ۔حکومت کے اپنے اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ مالی سال میں بھی براہ راست بیرونی سرمایہ کاری میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ سالوں میں پاکستان سے 8 کھرب 38ارب روپے بیرون ممالک بھیجے گئے جن سے جائیدادیں خریدی گئیں جو انتہائی تشویشناک ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کرپشن کے خلاف تحریک کو اپنے منطقی انجام تک پہنچانے کا عزم کر لیا ہے کیونکہ یہ تحریک ملکی بقاء اور ہماری آنے والی نسلوں کے مستقبل کی جنگ ہے اور قوم اس جنگ میں شکست کی متحمل نہیں ہو سکتی۔ جمشید چیمہ نے کہا کہ عمران خان نے اپنی لازووال جدوجہد پر مبنی تحریک کا رخ لاہور کی طرف موڑ دیا ہے انشا اﷲ وہ دن دور نہیں جب ملکی خزانے پر ہاتھ ڈالنے والے انصاف کے کٹہرے میں ہوں گے اور ان سے لوٹی ہوئی پائی واپس لے کر قومی خزانے میں جمع کرائی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :