حکومت سندھ مویشیوں کی حفاظت کے لئے بھر پور اقدامات کرکے انہیں کانگو وائرس کے مرض سے بچانے کی بھر پور کوشش کررہی ہے، صوبائی وزیر لائیو اسٹاک و ماہی پروری محمد علی ملکانی

بدھ 24 اگست 2016 23:11

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 اگست ۔2016ء) صوبائی وزیر لائیو اسٹاک و ماہی پروری محمد علی ملکانی نے کہا ہے کہ حکومت سندھ مویشیوں کی حفاظت کے لئے بھر پور اقدامات کرکے انہیں کانگو وائرس کے مرض سے بچانے کی بھر پور کوشش کررہی ہے نیز تمام افسران داخلی راستوں پر مال مویشیوں کو کانگووائرس کے حفاظتی ٹیکے لگانے کے انتظامات کرکے احتیاطی تدابیر کو یقینی بنائیں اورحفاظتی اسپرے کا بھی بندوبست کیا جائے ۔

مویشی منڈی کے ہر اسٹال اور کیمپ کا معائنہ کیا جائے ۔یہ ہدایات انہوں نے آج مویشی منڈی کے دورے کے دوران دیں ۔انہوں نے مال مویشی منڈی کے تقریبا ہر اسٹال اور کیمپ کا معائنہ کیا صوبائی وزیر کے ہمراہ ڈائریکٹر جنرل لائیو اسٹاک عبدالقادر جونیجو ،ڈی جی ریسرچ اسلم پرویز عمرانی ،ڈی جی پولٹری جمیل شیخ ،ڈائریکٹر مشتاق جوکھیو،ڈسٹرکٹ افسر ڈاکٹر منظور جوکھیوکے علاوہ دیگر ڈیوٹی پر موجود وٹرنری ڈاکٹر زاور اسٹاف کے علاوہ مویشی منڈی کے مالکان اور بیوپاری اور پنجاب سے تعلق رکھنے والے مال مویشی کے ذمہ داران دورے کے دوران موجود تھے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل لائیو اسٹاک عبدالقادر جونیجو نے بتایا کہ اس وقت تک کوئی بیماری تشخیص نہیں ہوئی جبکہ چھوٹے چھوٹے کیسز جن میں زکام اور فلو سمیت 758کیسز کا علاج کرکے معالج کی سہولیات فراہم کی گئیں اس وقت ایک اندازے کے مطابق ڈیڑھ لاکھ سے زائد مویشی منڈی میں آچکے ہیں اور چار لاکھ سے زائد مویشیوں کی امد متوقع ہے 19تاریخ سے وٹرنری ڈاکٹر تین شفٹوں میں مسلسل 24گھنٹے اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں انہوں نے بتایا کہ 4سے زائدبڑی مویشی منڈیا ں کراچی میں قائم کی گئی ہیں ۔

کانگو وائرس سے متعلق عوام کی آگاہی کے لئے پمفلیٹ اور الیکٹرونک میڈیا کو بھی استعمال کیا جارہا ہے نیز پورے سندھ میں مویشی منڈیوں میں لائیو اسٹاک اپنا بھر پور کردار ادا کررہا ہے ۔کانگو وائرس بیماری چچڑ کے ذریعے پھیلتی ہے جس کا ابھی تک کوئی کیس سامنے نہیں آیا ہے لیکن احتیاطی تدابیر ترجیحی بنیادوں پر کی جارہی ہیں صوبائی وزیر لائیو اسٹاک و ماہی پروری محمد علی ملکانی نے کہا ہے کہ وہ اس سے پہلے بھی 19اگست کو مویشی منڈی کا دورہ کرچکے ہیں ۔اس موقع پر انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ بڑی تندہی سے کام کررہا ہے احتیاطی تدابیر اختیار کرکے اس بیماری سے بچا جاسکتا ہے ۔اور اس سلسلے میں آگاہی پروگرام جاری ہے۔

متعلقہ عنوان :