سپریم کورٹ نے کسٹم ڈیوٹی میں 20کر وڑ روپے خرد برد کیس میں 6ملزمان کی ضمانتیں خارج کر دیں ،گرفتار کر لیا گیا

بدھ 24 اگست 2016 21:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 اگست ۔2016ء) سپریم کورٹ نے کسٹم ڈیوٹی میں 20کر وڑ روپے خرد برد کیس میں 6ملزمان کی ضمانتیں خارج کر دیں جس کے بعد ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ۔ گزشتہ روز سپریم کورٹ کے جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں 20کر وڑ روپے خرد برد کیس میں کین کمپنی کے مالک تشرف جاوید، آصف جاوید اورعامر جاویداور کسٹم کلیئرنگ ایجنٹ اکرام الحق ، احتشام الحق اور سعید الٰہی کی درخواست ضمانتوں پر سماعت کی ۔

(جاری ہے)

درخواست گزاروں کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ملزمان نے خوردبرد نہیں کی اس کے باوجود مقدمہ درج کیا گیا ، ضمانتیں منظور کی جائیں۔ جبکہ کسٹم انسپکٹر نے بتایا کہ ملزمان کے خلاف مقدمہ بے بنیاد ہر گز درج نہیں کیا گیا بلکہ کسٹم ڈیو ٹی میں 20کروڑ کی چوری کر نے پر2014ء میں مقدمہ درج کیا گیا ۔ سرکاری وکیل نے بتایا کہ کسٹم کو رٹ اور ہائیکورٹ نے میرٹ پر ملزمان کی درخواست ضمانتیں خارج کیں لہٰذا فاضل عدالت سے بھی استدعا ہے کہ ملزمان کی درخواست ضمانت خارج کی جائے ۔ فاضل عدالت نے تمام ملزمان کی درخواست ضمانتیں خارج کر دیں جس کے بعد کسٹم اہلکاروں نے ملزمان کواحاطہ عدالت کے باہر سے گرفتار کر لیا۔

متعلقہ عنوان :