شہر میں چوری ، ڈکیتی ، اغوا ، تشدد اور زیادتی جیسے واقعات سرعام ہیں ‘ذکر اﷲ مجاہد

پولیس اورسیکورٹی ادارے اثرورسوخ کو بالائے طاق رکھتے ہوئے کاروائیاں عمل میں لائیں ‘امیر جماعت اسلامی لاہور

بدھ 24 اگست 2016 20:49

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 اگست ۔2016ء) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکراﷲ مجاہد نے کہاکہ شہر میں چوری ، ڈکیتی ، اغوا ، تشدد اور زیادتی جیسے واقعات سرعام ہیں اور افسوس ناک امر یہ ہے کہ جرائم میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے ۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے جرائم کنٹرول کرنے کے لیے نہ کوئی پالیسی بنائی جا رہی ہیں اور نہ ہی ان جرائم میں ملوث افراد کے خلاف کوئی کاروائی عمل میں لائی جاتی ہے ۔

جس سے جرائم میں کمی واقع ہونے کی بجائے اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اکثر جرائم پرنٹ میڈیا اور الیکٹرانک میڈیا میں رپورٹ ہوتے ہیں اور جن کی وجہ سے سارا معاشرہ ہی تنگ ہے رات میں چوری ، رہزنی ، ڈکیتی ، اغوا، تشدد اور زیادتی جیسے واقعات سرعام ہیں ۔

(جاری ہے)

میڈیا اور اصلاحی طبقے ان جرائم کی نشاند ہی تفصیلی طور پر تمام سیاق و سباق کے ساتھ کرتے ہیں مگر اعلیٰ حکام اس کا نوٹس نہیں لیتے نہ ہی کوئی ایکشن لیا جاتا ہے ۔

انہوں نے مذید کہا کہ حکومت جرائم پر قابو پانے میں ناکام میں ہوچکی ہے ۔ بدقسمتی کی بات یہ ہے کہ ان جرائم پیشہ افراد کے پشت پناہ ہر جگہ موجود ہوتے ہیں اور اسی دیدہ دلیری اور بے خوفی سے وارداتیں کرتے ہیں کہ انھیں کسی قسم کا کوئی خوف نہیں ہو تا ۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ پولیس اورسیکورٹی ادارے کسی قسم کے بھی اثرورسوخ کو بالائے طاق رکھتے ہوئے کاروائیاں عمل میں لائیں اور ان جرائم پیشہ افراد کے بارے میں ٹھوس پالیسی بنائیں تاکہ ان جرائم پر قابو پایا جا سکے اور عوام سکون کا سانس لے سکیں اور ہمارا معاشرہ ایک پرامن معاشرہ بن سکے ۔