اینٹی وہیکل لفٹنگ سٹاف ماڈل ٹاؤن کی کارروائی پپو موٹر سائیکل چورگینگ کے سرغنہ سمیت 2ملزم گرفتار

بدھ 24 اگست 2016 20:39

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 اگست ۔2016ء ) اینٹی وہیکل لفٹنگ سٹاف ماڈل ٹاؤن نے مو ٹرسائیکل چوری کی وارداتوں میں ملوث پپو موٹر سائیکل چورگینگ کے سرغنہ سمیت 2ملزموں کو گرفتار کر کے اس کی نشاندہی پرلاکھوں روپے مالیت کی چوری شدہ19 مو ٹر سائیکلیں برآمد کر لی ہیں۔تفصیلات کے مطابق کار چوری کی وارداتوں کی روک تھام اور ان میں ملوث ملزموں کی گرفتاری کیلئے سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) محمد امین وینس کی ہدایات پر پولیس کی سپیشل ٹیمیں ان وارداتوں میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے دن رات سر گرم عمل ہیں۔

ایس پیCROسید ندیم عباس نے ڈی ایس پی اینٹی وہیکلز لفٹنگ سٹاف ماڈل ٹاؤن سلیم مختار بٹ کی سربراہی میں اینٹی موٹر سائیکل لفٹنگ سٹاف ماڈل ٹاؤن بشارت علی اور دیگر اہلکاروں پر مشتمل جوپولیس ٹیم تشکیل دی اس نے موٹر سائیکل چوری کی درجنوں وارداتوں میں ملوث پپو موٹر سائیکل چور گینگ کے سرغنہ حیدر علی عرف پپو اور اس کے ساتھی ظہیر عباس کوگرفتار کر کے ان سے لاکھوں روپے مالیت کی چوری شدہ 19موٹر سائیکلیں، موٹر سائیکلوں کی نمبر پلیٹس اور ماسٹر کیزبرآمد کر لی ہیں۔

(جاری ہے)

ملزم اپنے طریقہ واردات میں تجارتی مراکز پلازوں، گھروں اور پارکنگ اسٹینڈز کے باہر کھڑی موٹر سائیکلوں کو ماسٹر کیز کے ذریعے کھول کرفرار ہو جاتے تھے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ ملزمان ریکارڈ یافتہ ہیں اور اس سے قبل میں موٹر سائیکل چوری کے مقدمات میں کئی مرتبہ جیل جا چکے ہیں جو رہا ہوتے ہی دوبارہ وارداتیں شروع کر دیتے تھے۔ دوران تفتیش ملزموں نے تھانہ ماڈل ٹاؤن، لیاقت آباد، گارڈن ٹاؤن،ٹاؤن شپ، گرین ٹاؤن،نصیر آباد، کاہنہ، نشتر کالونی ، ڈیفنس A،فیکٹری ایریا ، گلبرگ، فیصل ٹاؤن، اچھرہ، مسلم ٹاؤن، لٹن روڈ، اسلامپورہ، داتا دربار اورشادباغ کے تھانوں کی حدود سے موٹر سائیکل چوری کی درجنوں مزیدوارداتوں کا انکشاف کیا ہے۔

ایس ایس پی انویسٹی گیشن حسن مشتاق سکھیرا نے موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں ملوث ملزموں کی گرفتاری پر پولیس ٹیم کیلئے نقد انعامات اور تعریفی اسناد کا اعلا ن کیا ہے ۔