محکمہ معدنیات میں آن لائن فارم سسٹم کیلئے ون ونڈو اپریشن شروع کیا جائے،انیسہ زیب طاہر خیلی

بدھ 24 اگست 2016 19:26

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 اگست ۔2016ء)خیبر پختونخوا کی وزیر معدنی ترقی اور محنت انیسہ زیب طاہر خیلی نے ہدایت کی ہے کہ معدنیات کے شعبہ میں سرمایہ کاری کے خواہشمند حضرات کو نئے معدنی ایکٹ کے تحت فراہم کئے جانے والے سہولیات کو زیادہ موثر بنانے کی غرض سے درخواست گزاروں کیلئے آن لائن فارم سسٹم کے سلسلے میں محکمہ میں ون ونڈو اپریشن شروع کیا جائے تاکہ ایک ہی جگہ پر معدنی شعبے سے وابستہ افراد اور خواہشمند سرمایہ کاروں کو درکار سہولیات کی دستیابی ممکن ہو اور صوبے میں معدنی ترقی کا سفر تیز رفتاری کے ساتھ آگے کی طرف گامزن ہو۔

ان خیالات کا اظہار انہوں بدھ کے روز سول سیکرٹریٹ پشاور میں محکمہ معدنیات کے حوالے سے مالی سال 2016-17کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت جاری اور نئے ترقیاتی منصوبوں کے ایک جائز ہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں سیکرٹری معدنیات سید عبدلجبار شاہ، ایڈیشنل سیکرٹری معدنیات جاوید انور ،ڈائریکٹر پلاننگ سید بلال خسرو سمیت چیف انسپکٹر مائنز اور چیف کمشنر مائنز سمیت محکمہ معدنیات کے دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

منعقدہ اجلاس میں صوبائی وزیر کو ڈائریکٹر پلاننگ سید بلال خسرو نے مالی سال 2016-17 کے دوران معدنی شعبے کی ترقی و ترویج کے سلسلے میں جاری اور نئے ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے تفصیلی طور پر آگاہ کیا ۔یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ معدنی شعبے کیلئے 2016-17کی اے ڈی پی میں کل 21منصوبوں کیلئے 622ملین روپے رکھے گئے ہیں۔ان منصوبوں میں جاری 12منصوبوں کیلئے 559.8ملین روپے رکھے گئے ہیں جبکہ 9نئے منصوبوں کیلئے تقریباً62.200ملین روپے رکھے گئے ہیں۔

اجلاس میں صوبائی وزیر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی وہ پوری یکسوئی کے ساتھ متعلقہ ترقیاتی منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں اپنا کردار ادا کریں اور ا س حوالے سے حائل رکاؤٹوں کو دور کرنے کیلئے ممکنہ اقدامات اٹھائے جائیں۔انہوں نے کہا کہ معدنی سیکٹر کی ترقی اور فروغ اور اس شعبے سے وابستہ افراد کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کیلئے بروقت اقدامات کئے جائیں تاکہ نئے معدنی ایکٹ 2016 کے تحت معدنی شعبے میں سرمایہ کاری کرنے والے اور سرمایہ کاری کے خواہشمند حضرات کو فراہم کی جانے والی سہولیات سے حقیقی معنوں میں استفادہ حاصل کیا جا سکے۔