ضلع وسطی میں متحدہ کے ریحان ہاشمی چیئرمین، سعید شاکربلامقابلہ وائس چیئرمین منتخب

ضلع غربی میں ایم کیو ایم کے امیدوار اظہار الدین 36 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے ،مسلم لیگ(ن)کا نتائج تسلیم کرنے سے انکار

بدھ 24 اگست 2016 19:11

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 اگست ۔2016ء) بلدیاتی انتخابات کے آخری مرحلے میں بدھ کو ہونے والی پولنگ کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق کراچی کے ضلع وسطی میں متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے ریحان ہاشمی بلا مقابلہ چیئرمین جبکہ سعید شاکر بلا مقابلہ وائس چیئرمین منتخب ہوگئے۔ ریٹرننگ آفیسر ضلع غربی کے مطابق ضلع غربی میں ایم کیو ایم کے امیدوار اظہار الدین 36 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق ضلع کورنگی میں مجموعی طور پر 55 ووٹ ہیں جس میں سے 53 ووٹ کاسٹ کر لئے گئے ہیں ۔ ریٹرننگ افسر کے مطابق ڈی ایم سی ایسٹ میں 44 ووٹ کاسٹ ہوئے، ڈی ایم سی میں مجموعی طور پر 47 ووٹ ہیں۔ دریں اثناء میئر اور ڈپٹی میئر منتخب کرنے کے لئے کسی بھی جماعت کو 155 ووٹ درکار ہیں جبکہ ایم کیو ایم کے پاس 60 نشستیں زائد ہیں اور ایم کیو ایم کو 308 نمائندوں کے ایوان میں 214 نشستوں کے ساتھ سادہ اکثریت حاصل ہے۔

(جاری ہے)

ضلع غربی میں کراچی اتحاد کے امیدواروں نے نتائج تسلیم کرنے سے انکار کر دیا ہے اور کراچی اتحاد کے امیدوار برائے چیئرمین محمد آصف خان نے الزام عائد کیا ہے کہ ایم کیو ایم نے منظم دھاندلی کی ہے اور 20 ووٹوں میں ٹیمپرنگ کی گئی ہے جس کا الیکشن کمیشن نوٹس لے۔ انہوں نے نتائج مسترد کرتے ہوئے دوبارہ ووٹوں کی گنتی کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔