قابض بھارتی فورسز کے ہاتھوں نہتے کشمیریوں کے قتل کیخلاف کشتواڑ میں مکمل ہڑتال،نظام زندگی مفلوج رہا

بدھ 24 اگست 2016 18:25

جموں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 اگست ۔2016ء) مقبوضہ وادی کشمیر میں قابض بھارتی فورسز کے ہاتھوں نہتے کشمیریوں کی قتل کی لہر کے خلاف بدھ کے روز جموں خطے کے علاقے کشتواڑ میں مکمل ہڑتال کی گئی ۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ہڑتال کی کال جامع مسجد کشتواڑ کے امام فاروق احمد کچلو نے مختلف مساجد کے آئمہ اور دینی تنظیموں پر مشتمل مجلس شوریٰ کے فیصلے کی تائید میں دی تھی ۔

(جاری ہے)

ہڑتال کا مقصد مقبوضہ وادی کے مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے علاوہ ضلعی انتظامیہ کشتواڑ کی طرف سے مولوی عبدالقیوم اور قاری منظور احمد نامی دو آئمہ کرام اور علاقے کے متعدد نوجوانوں کے خلاف بھارت مخالف نعرے بلند کرنے کی پاداش مقدمات کے اندراج کے خلاف بھی احتجاج ریکارڑ کرانا تھا۔ ضلع میں تمام دکانیں، کاروباری اور تعلیمی ادارے بند رہے جبکہ سڑکوں پر ٹریفک معطل تھی ۔ سرکاری دفتروں میں خاصری بہت کم تھی۔ہڑتال کے باعث کشتواڑ قصبے کے علاوہ ضلع کے علاقوں سنگرام بھاٹہ، پوہی، ہولکر، ڈرابشالہ، چھترو، مغل میدان، دادپتھ، بھنجواہ، سرتھال اور دیگر علاقوں میں نظام زندگی بری طرح سے مفلوج رہا۔

متعلقہ عنوان :