گلگت بلتستان میں ٹیکس کے معاملات کا جائزہ لینے کے لیے وزیر اعظم کی قائم شدہ کمیٹی کا اجلاس

گلگت بلتستان میں ٹیکس معاملات سے متعلق جلد سفارشات کو حتمی شکل دیکر وزیر اعظم کو منظوری کے لیے بھجوایا جائے،تعمیر وترقی اور دیرپا خوشحالی کے لیے ضروری ہے ٹیکس کلچر کو فروغ دیا جائے،چوہدری محمد برجیس طاہر

بدھ 24 اگست 2016 17:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 اگست ۔2016ء) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے وزیر اعظم پاکستان کی ہدایت پر گلگت بلتستان میں ٹیکس معاملات کے سلسلے میں قائم کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان میں ٹیکس معاملات سے متعلق حتمی سفارشات جلد مرتب کر کے وزیراعظم کو منظوری کے لیے بھجوائی جائیں۔

اجلاس میں وفاقی وزیر اُمور کشمیر کے علاوہ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن،وفاقی سیکرٹری اُمور کشمیر و گلگت بلتستان عابد سعید،ممبرایف بی آر،جوائنٹ سیکرٹری گلگت بلتستان کونسل،وزارت خزانہ اورجی بی ،آئی آر ایس کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ گلگت بلتستان میں دیر پا ترقی و خوشحالی کے لیے ضروری ہے کہ گلگت بلتستان میں ٹیکس کلچر کوفروغ دیا جائے اور ٹیکس نفاذ کی شرح وہاں کے زمینی حقائق اور حالات کو پیش نظر رکھ کر کیے جائیں جس میں عوام کے لیے قطعی کسی قسم کے بوجھ کا تصو رنہ آئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ٹیکس کلچر کے فروغ کے لیے عوام میں آگہائی مہم بھی چلائی جائے تاکہ ٹیکس سے متعلق اُن کے تحفظات کو Address کیا جاسکے۔ اس موقع پر کمیٹی نے بتایا کہ جی بی کونسل اور ایف بی آر کے مابین ان ڈاریکٹ ٹیکس سے متعلق Mouپر دستخط جلد ہو جائیں گے۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا کہ گلگت بلتستان پاکستان کا ایک پسماندہ علاقہ ہے اور یہاں پر ٹیکس کی شرح کے کٹھن حالات کو پیش نظر رکھتے ہوئے کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کی صورت میں گلگت بلتستان میں ایک بڑی معاشی سرگرمی شروع ہونے والی ہے اور ضرورت اس امر کی ہے کہ اس معاشی سرگرمی سے بھرپور طریقے سے مستفید ہونے کے لیے ضروری ہے کہ گلگت بلتستان کو ٹیکس مراعات دیں جائیں تاکہ یہاں پر سرمایہ کاری میں اضافہ ہواور ایک بھرپور معاشی سرگرمی کا آغاز ہو سکے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وفاقی حکومت گلگت بلتستان کی ترقی میں انتہائی دلچسپی رکھتی ہے اور تمام تر معاملات میں وہاں کی عوام کی خوشحالی اور سہولت کو اولین رکھا جائیگا۔