فاروق ستار کی پریس کانفرنس متحدہ کی ملک دشمن پالیسیوں پر پردہ ڈالنے کی بھونڈی کوشش ہے صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر

بدھ 24 اگست 2016 17:00

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 اگست ۔2016ء) جمعیت علماء پاکستان (نورانی) و ملی یکجہتی کونسل کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے کہا ہے کہ فاروق ستار کی پریس کانفرنس ایم کیو ایم کی ملک دشمن پالیسیوں پر پردہ ڈالنے کی ایک بھونڈی کوشش ہے ہم جنرل راحیل شریف کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے ایم کیوایم کی اس ملک دشمن سازش کے خلاف ایک مضبوط قدم اٹھایا ورنہ الطاف حسین کا یہ بیان کوئی نئی چیزنہیں پاکستان کے جھنڈے کو جلانے ،میجر کلیم کو اغواء کرنے اور دہلی میں ہونے والے ہندوستان ٹائمزکے سمینار میں قیام پاکستان کو ایک غلطی قرار دینے سے لیکرہندوستان اور نیٹو کی فوج طلب کرنے، پاک فوج کے سربراہ کو گالیاں دینے تک بیسیوں واقعات اور ان کی تقاریر ان کی ملک دشمنی پر کھلے ثبوت ہیں اورایم کیو ایم کے قیام سے لیکر اب تک علامہ شاہ احمد نورانی رحمة اللہ علیہ اور ان کی جماعت ان سازشوں کو بے نقاب کرتی رہی ہے لیکن افسوس ہر حکومت نے ان کی اس ملک دشمنی پر نہ صرف یہ کہ پردہ ڈالا بلکہ چند ووٹوں کی خاطر انکو حکومتوں میں شامل کر کے ملک کے استحکام اور سالمیت کو سخت نقصان پہنچایاانہوں نے کہا کہ آج بھی ہمارے حکمراں ان کے خلاف سنجیدگی کے ساتھ کوئی اقدامات کرنے کیلئے تیار نہیں یہی وجہ ہے کہ اس غداری وطن الطاف حسین کے خلاف برطانیہ کو صرف خط لکھے جارہے ہیں جبکہ اتنے بڑے سانحہ پر ہونا یہ چاہئے تھا کہ برطانیہ کے سفیر کو بلا کر احتجاجی مراسلہ دیا جاتا اورانٹرپول کے ذریعہ اس کو پاکستان کے حوالہ کرنے کے فوری اقدامات کئے جاتے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ محب وطن قوتیں ان ملک دشمن عناصر کے خلاف فیصلہ کن کاروائی کر کے ملک کے استحکام اور سالمیت کو یقینی بنائیں۔

متعلقہ عنوان :