میئر اور چیئرمین کے الیکشن میں شرکت کرنے والے نومنتخب کونسلرز کو مناسب سیکورٹی فراہم کی جائے، وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت

منگل 23 اگست 2016 23:06

کراچی ۔ 23 اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔23 اگست ۔2016ء) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایات دی ہیں کہ وہ نومنتخب کونسلرز کو مناسب سیکیورٹی فراہم کریں تاکہ وہ میئر اور چیئرمین کے الیکشن میں شرکت کر سکیں۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یہ بات انہوں نے منگل کو اپنے مختلف میڈیا ہاؤسز کے دورے کے دوران کہی۔

اس موقع پر صوبائی مشیر اطلاعات مولا بخش چانڈیو بھی ان کے ہمراہ تھے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ (آج) بدھ کو میئرز، ڈپٹی میئرز، چیئرمین اور وائس چیئرمین کے لوکل باڈیز کے الیکشن ہو رہے ہیں، پولیس اور رینجرز کو تمام تر ضروری سیکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میئر اور چیئرمین پاکستان سے اپنی وفاداری کے تحت حلف اٹھائیں گے اور یہ بلکل صاف اور واضح ہے۔

(جاری ہے)

ایک اور سوال کے جواب میں سید مراد علی شاہ نے کہا کہ کسی کو بھی اس شہر کے امن کو ہائی جیک کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور اگر کسی نے اس قسم کی کوشش کی تو ان سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اب حکومت کا مطلب یہ ہے کہ وزیراعلیٰ، پولیس، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار رات کو جاگیں گے تاکہ اس شہر کے لوگ سکون کے ساتھ سو سکیں۔

انہوں نے کہا کہ گذشتہ روز میڈیا ہاؤسز پر حملے کے بعد ہی انہوں نے میڈیا ہاؤس کا دورہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کی ذمہ داری ہے کہ وہ ہر ایک شہری کو سیکیورٹی فراہم کرے اور وہ اس بات کو یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اب کسی کو بھی گاڑی جلانے یا بندوق اپنے ہاتھوں میں اٹھانے یا مارکیٹوں میں شٹر ڈاؤن کرانے کی اجازت نہیں ہو گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کا ہنی مون پیرڈ اب ختم ہو چکا ہے۔ ایم کیو ایم میں نئی سیاسی پیش رفت سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ یہ ان کا اندرونی معاملہ ہے۔

متعلقہ عنوان :