کراچی،میئراورڈپٹی میئراورچیئرمینوں کے کل کے انتخابات کی تیاریاں مکمل

209منتخب چیئرمین اورمخصوص نشستوں پرکامیاب 99نمائندے ووٹ ڈالیں گے،ایڈمنسٹریٹرکراچی پریذائیڈنگ افسرکے طورپراپنے فرائض انجام دینگے

منگل 23 اگست 2016 23:01

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔23 اگست ۔2016ء) کراچی میں میئر اور ڈپٹی میئر5ڈی ایم سیز کے چیئرمینوں وائس چیئرمینوں ڈسٹرک کونسل کے چیئرمین و وائس چیئرمین کے آج ہونے والے انتخابات کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ 209 منتخب چیئرمین اورمخصوص نشستوں پر کامیاب 99 نمائندے ووٹ ڈالیں گے۔ ایڈمنسٹریٹر کراچی پریذائیڈنگ افسر کے طور پر اپنے فرائض سر انجام دیں گے جبکہ انتخابی سامان پریذائڈنگ افسر کو فراہم کردیا گیا ہے۔

ایم کیو ایم کو 308کے ایوان میں 214 نشستوں کے ساتھ سادہ اکثریت حاصل ہے لیکن نامزد میئر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی حراست میں ہیں۔میئر اور ڈپٹی میئر منتخب کرنے کے لئے کسی بھی جماعت کو 155 ووٹ درکار ہوتے ہیں جبکہ ایم کیو ایم کے پاس 60 نشستیں زائد ہیں، ایم کیو ایم کو 308 نمائندوں کے ایوان میں 214 نشستوں کے ساتھ سادہ اکثریت حاصل ہے، نامزد میئر وسیم اختر پولیس کی حراست میں ہیں ۔

(جاری ہے)

ترجمان بلدیہ عظمی کراچی کے مطابق انتخابات کی تیاریاں کے ایم سی کی جانب سے مکمل کر لی گئی ہیں اور بدھ کو انتخابات معمول کے مطابق ہوں گے بلدیاتی انتخابات میں کراچی میں ایم کیو ایم نے واضح برتری حاصل کی،ووٹنگ اولڈ کے ایم سی بلڈنگ ایم اے جناح روڈ پر ہوگی جبکہ حلف برداری 30 اگست کو ہوگی۔انتخابات کے ریٹرننگ افسر سمیع صدیقی نے جیل سپرنٹنڈنٹ کو وسیم اختر کو پیش کرنے کیلئے خط بھی لکھا ہے۔

دریں اثناء چیف الیکشن کمشنرنے سکیورٹی یقینی بنانے کے لیئے وزیر اعلی سندھ کو خط ارسال کیاہے۔الیکشن کمیشن نے کراچی میں میئر اور ڈپٹی کے بدھ کوہونے والے انتخاب کا شیڈول جاری کر دیاہے، الیکشن کمیشن نے سندھ حکومت اور صوبائی الیکشن کمیشن کو انتخاب کے روز سیکیورٹی اور دیگر انتظامات کو یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی ہے۔چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ سردار رضا خان نے وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ کو خط لکھا ہے، خط میں کہا گیا ہے کہ بدھ کومئیر اور ڈپٹی مئیر کے انتخاب کے موقع پر سیکیورٹی کو یقینی بنایا جائے ، کراچی میں امن وامان کی صورت حال کا انتخاب پر اثرنہیں ہونا چاہیے۔

کراچی میں 5 ڈی ایم سیز کے علاوہ ڈسٹرک کونسل کے الیکشن بھی آج ہونگے بلدیہ وسطی میں ایم کیو ایم کے امیدوار پہلے ہی بلا مقابلہ منتخب ہو چکے ہیں جس کی بناء پر یہاں الیکشن نہیں ہو گا بلدیہ ملیر میں پیپلز پارٹی کے جان محمد بلوچ بلا مقابلہ چیئرمین منتخب ہو چکے ہیں یہاں صرف وائس چیئرمین کیلئے پیپلز پارٹی اور مسملم لیگ ن کے امیدوار کے درمیان مقابلہ ہو گا بلدیہ جنوبی میں پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف جبکہ ن لیگ اور ایم کیو ایم اتحادی ہیں بلدیہ غربی میں ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے مابین مقابلہ ہو گا میئر کراچی کیلئے ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی جبکہ ڈپٹی میئر کیلئے ایم کیو ایم اور ن لیگ کے درمیان مقابلہ ہو گا

متعلقہ عنوان :