ڈاکٹر عامر لیاقت کا متحدہ قومی موومنٹ چھوڑنے کا اعلان، الطاف حسین کو سیاست چھوڑکر کتاب لکھنے کا مشورہ

منگل 23 اگست 2016 22:58

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔23 اگست ۔2016ء) معروف مذہبی سکالر اور اینکر ڈاکٹر عامر لیاقت نے متحدہ قومی موومنٹ چھوڑنے کا اعلان کردیا اور الطاف حسین کو مشورہ دیا کہ الطاف حسین سیاست چھوڑ دیں اور کتابیں لکھیں ۔ منگل کو عامر لیاقت نے ایم کیو ایم چھوڑنے کا اعلان کردیا۔ انہوں نے کہا کہ قائد ایم کیو ایم کو بھی پارٹی سے کنارہ کشی اختیار کرنا چاہیے ، میں دفاع کر کر کے تھک گیا ہوں ، پاکستان کے خلاف باتوں کا دفاع نہیں کرسکتا۔

(جاری ہے)

عامر لیاقت نے کہاکہ قائد ایم کیو ایم کو دفاع کرنے پر قوم سے باربار معافی مانگوں گا، میرا وطن پاکستان ہے ، پاکستان کے خلاف قائد ایم کیو ایم کی باتوں پر کل سے پریشان ہوں ، کل حراست میں تھا تو میں نے بہت چیزیں لکھی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ الطاف حسین جذبات میں زبان پر قابو نہیں رکھ سکتے تو سیاست چھوڑ دینی چاہیے اور کتابیں لکھیں ۔ عامر لیاقت نے کہا کہ جس کو بھی ایم کیو ایم سنبھالنی ہے سنبھالے میرااس سے کوئی تعلق نہیں ، میں تو مرتے دم تک پاکستان زندہ باد کے نعرے لگاؤں گا۔