ایم کیو ایم قائد کی پاکستان مخالف تقریر کیخلاف ملتان میں شہری سراپا احتجاج، الطاف کا پتلا نذرآتش

منگل 23 اگست 2016 22:25

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔23 اگست ۔2016ء ) ایم کیو ایم کے قائد کی ملک وقوم کیخلاف تقریر کے خلاف ملک کے دیگر شہروں کی طرح ملتان میں بھی سیاسی و دینی اور سماجی حلقوں سمیت صحافی برادری نے شدید برہمی کا اظہار کیا ہے اور اس سلسلے میں احتجاجی مظاہرے بھی کئے گئے۔ اس ضمن میں معصوم شاہ روڈ پر مسلم لیگ (ن) کے رہنما شیخ ندیم اکبر کی قیادت میں الطاف حسین کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور دو گھنٹے تک روڈ بلاک کر دیا گیا اس موقع پر الطاف حسین کا پتلا بھی نذر آتش کیا گیا اور ایم کیو ایم اور الطاف حسین کے خلاف نعرے بازی بھی کی گئی۔

احتجاجی مظاہرے میں سینکڑوں کارکنوں نے شرکت کی اور اس موقع پر نجی ٹی وی چینل پر ایم کیو ایم کے کارکنوں کی جانب سے حملے اور صحافیوں پر تشدد اور توڑ پھوڑ کی بھی شدید مذمت کی گئی ۔

(جاری ہے)

مقررین کا کہنا تھاکہ الطاف حسین اور اس کے ساتھیوں پر بغاوت کا مقدمہ درج کیا جا ئے جو نریندر مودی کی دوستی میں پاکستان اور عوام دشمنی پر اتر آئے ہیں ۔اسی طرح پریس کلب کے سامنے بھی نجی ٹی وی چینل پر ایم کیو ایم کے کارکنوں کی جا نب سے حملے کے خلاف ایسوسی ایشن آف ٹی وی جرنلسٹ ملتان کے زیر اہتمام کراچی میں میڈیا ہاؤسز پر حملوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

احتجاجی مظاہرے کی قیادت جبار مفتی نے کی جبکہ شہادت حسین،طاہر محمود،شریف جوئیہ،عامر بھٹہ،سجاد کھوکھر،رؤف مان،مظہر جاوید،مظہر خان،نعمان بابر سمیت صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ احتجاجی مظاہرے میں شرکاء نے سیاسی جماعت کے کارکنون کی دہشت گردی ،میڈیا ہاؤسزمیں توڑ پھوڑ اور اسلاک کو نقصان پہنچانے کی سخت مذمت کی گئی ۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ حکومت میڈیا ہاؤسز پر حملہ کرنے والوں کو سخت سزا دے اور پاکستان مخالف سرگرمی کا نوٹس لے مظاہرے میں میڈیا ہاؤسز،صحافیوں کو تحفظ فراہم کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا۔