کشمیریوں کی جدوجہد آزادی سے بوکھلا کر راجناتھ سنگھ جیسے بھارتی وزراء بار بار کشمیر کے دورے کر رہے ہیں‘حافظ سعید

کشمیریوں کے قتل عام کے بعد اب مگر مچھ کے آنسو بہائے جارہے ہیں ، زخمیوں کو نئی دہلی میں علاج کی پیش کش کی جارہی ہیں‘بی ایس ایف اور سی آر پی ایف کے مزید دستے تعینات کرنے سے بھارت تحریک آزادی کچلنے میں کامیاب نہیں ہو سکتا‘امیر جماعۃ الدعوۃ

منگل 23 اگست 2016 21:48

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 اگست ۔2016ء ) جماعۃالدعوۃ پاکستان کے امیر پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی سے بوکھلا کر راجناتھ سنگھ جیسے بھارتی وزراء بار بار کشمیر کے دورے کر رہے ہیں،کشمیریوں کے قتل عام کے بعد اب مگر مچھ کے آنسو بہائے جارہے ہیں اور زخمیوں کو نئی دہلی میں علاج کی پیش کشیں کی جارہی ہیں،بی ایس ایف اور سی آر پی ایف کے مزید دستے تعینات کرنے سے بھارت تحریک آزادی کچلنے میں کامیاب نہیں ہو سکتا، بھارت سرکار پہلے اپنی سرپرستی میں ظلم و بربریت کا بازار گرم کرتی ہے اور پھر کشمیریوں کے زخموں پر نمک چھڑکنے کیلئے وہاں کے دورے کئے جاتے ہیں، مودی سرکار کو ایسی مذموم حرکتوں پر شرم آنی چاہیے اور نہتے کشمیریوں کی نسل کشی کا سلسلہ بند کرنا چاہیے۔

(جاری ہے)

وہ مرکز القدس راولپنڈی میں کارکنان و ذمہ داران کی تربیتی نشست سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر جماعۃالدعوۃ کے مرکزی رہنما مولانا سیف اﷲ خالد، فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کے چیئرمین حافظ عبدالرؤف اور جماعۃالدعوۃ راولپنڈی کے مسؤل مولانا عبدالرحمن نے خطاب کیا۔ جماعۃالدعوۃ کے سربراہ حافظ محمد سعید نے کہاکہ کشمیری قوم سڑکوں پر موجود اور پاکستانی پرچم لہراتے ہوئے اپنے سینوں پر گولیاں کھا رہی ہے۔

کشمیریوں کی معاشی ناکہ بندی اور تمامتر ظلم وستم کے باوجود تحریک آزادی کودن بدن مضبوط ہوتا دیکھ کر بھارتی ایوانوں میں لرزہ طاری ہے۔ بھارتی وزراء کی پاکستان کیخلاف الزام تراشیاں اورکشمیر کے دورے کسی کام نہیں آئیں گے۔ مظلوم کشمیری کسی صورت بھارتی فوج کا غاصبانہ قبضہ برداشت کرنے کیلئے تیار نہیں ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مظلوم کشمیریوں کیخلاف ایسے ہتھیار وں کا استعما ل کیا جارہا ہے جس سے انکی آنکھیں ضائع ہو رہی اور مختلف امراض پھیل رہی ہیں۔

افسوسناک امر یہ ہے کہ آج اس ظلم پر بین الاقوامی دنیا نے خاموشی اختیار کر رکھی ہے اور ہندوستان کی ریاستی دہشت گردی پر ان کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی۔ تحریک آزادی کشمیر پوری قوت سے جاری ہے اورجاری رہے گی۔ حکومت پاکستان کو بھی چاہیے کہ وہ کشمیریوں کے اصل وکیل ہونے کا کردار ادا کرے اور ان کی کھل کر مددوحمایت کی جائے۔ ہم اپنے کشمیری بھائیوں کو یقین دلاتے ہیں کہ پوری پاکستانی قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔

جہاں آپ کا خون گرے گاوہاں ہمارا خون گرے گا۔ حافظ محمد سعید نے کہاکہ کشمیر میں بدترین ظلم وستم اور کشمیریوں کے بھرپور احتجاج کی وجہ سے تحریک ایک نیارخ اختیار کر چکی ہے۔ کشمیری مسلمان قربانیاں پیش کر کے اپنا حق ادا کر رہے ہیں۔ ضرورت اس امرکی ہے کہ پاکستان بھی کشمیریوں کے اصل وکیل ہونے کا کردار ادا کرے اور مظلوم کشمیریوں کی کھل کر مددوحمایت کی جائے۔

انہوں نے کہاکہ بھارتی فوج ہسپتالوں میں گھس کر زخمی نوجوانوں کو گولیاں مارکر شہیدکر رہی ہے۔ پوری حریت قیادت کو نظربند اور جیلوں میں ڈال دیا گیا ہے۔ مہلک ہتھیاروں کے استعمال سے سینکڑوں نوجوانوں کی آنکھیں ضائع ہو رہی ہیں۔ اس بدترین ظلم و بربریت پر کسی صورت خاموشی اختیار نہیں کی جاسکتی۔ جماعۃالدعوۃ کشمیری مسلمانوں کی ہرممکن مددوحمایت کرے گی اور انہیں کسی صورت بھارت سرکار کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ اجائے گا۔

انہوں نے کہاکہ پارلیمنٹ اور سینیٹ کا مشترکہ اجلاس بلا کر مضبوط کشمیرپالیسی طے کی جائے۔اگر انڈیا کشمیر کے اٹوٹ انگ کی رٹ سے نہیں شرماتا تو پاکستان کو بھی شہ رگ کشمیرکے موقف سے پیچھے نہیں ہٹنا چاہیے۔ 1948ء میں بھارت جہاں تھا اسے واپس وہیں دھکیلنا ہو گا۔ دنیا بھر میں پاکستانی سفارت خانو ں کو متحرک کیا جائے۔ دنیا کو کشمیر کا مسئلہ سمجھانے اور انڈیا کی ر یاستی دہشت گردی بے نقاب کرنے کی ضرور ت ہے۔

انہوں نے کہاکہ ماضی میں حکمرانوں نے امریکی دباؤ پر بھارت کا اعتماد حاصل کرنے کے لئے کشمیریوں کا اعتماد کھویا لیکن کشمیری پاکستان کے لئے ڈٹ کر کھڑے رہے۔ آج بھی کشمیری قوم گلی گلی پاکستانی پرچم لہرارہی ہے۔ حکومت پاکستان کو کشمیریوں کو مقدمہ بھرپور انداز میں لڑنا چاہیے۔مسئلہ کشمیر کے حل تک خطہ میں امن قائم نہیں ہو سکتا۔

متعلقہ عنوان :