ملک کی سالمیت و استحکام ہمیں ہر شے پر مقدم ہے، اس پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی،کوئی بھی محب وطن جماعت پُر تشدد سیاست کی کبھی حمایت نہیں کر سکتی

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا بیان

منگل 23 اگست 2016 21:33

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 اگست ۔2016ء ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ ملک کی سالمیت و استحکام ہمیں ہر شے پر مقدم ہے اس پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی۔کوئی بھی محب وطن جماعت پُر تشدد سیاست کی کبھی حمایت نہیں کر سکتی ،اپنے حقوق کے حصول کے لیے پُرامن احتجاج کی شکل میں آئینی جدوجہد ہی بہترین راستہ ہے۔

نااہل حکمرانوں کی غیر دانشمندانہ پالیسیوں کے باعث وطن عزیز کوعدم استحکام،احساس محرومی، لاقانونیت،نا انصافی اور ریاستی اداروں کے جبر جیسے لاتعداد مسائل نے جھکڑ رکھا ہے۔ منگل کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ وطن عزیز کسی ایسے اقدام کا متحمل نہیں ہے جس سے انارکی اور انتشار کو تقویت ملے۔

(جاری ہے)

ملک دشمن عناصر ہمیں داخلی سازشوں کا شکار کر کے ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنا چاہتے ہیں۔

ان عناصر کو شکست دینے کے لیے ملک کی تمام مذہبی و سیاسی جماعتوں کو دانشمندی اور بصیرت کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔وطن عزیز کی سالمیت و بقا کے دشمن حکومتی صفوں میں بھی موجود ہیں۔یہ عناصر ملک و قوم کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔ جب تک ان کا محاسبہ نہیں کیا جاتا تب تک ملک میں امن کی ضمانت نہیں دی جا سکتی۔انہوں نے کہا کہ اس وطن کو کسی مخصوص فکر یا مسلک کی جاگیر نہیں بننے دیا جائے گا۔

پاکستان میں بسنے والے ہر شخص کو بلاتخصیص مذہب و مسلک یہاں برابری کے حقوق حاصل ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے ہمارے مطالبات پر عمل درآمد کی یقین دہانی کے باوجود تساہل برتا جا رہا ہے۔اس بدعہدی کے خلاف 2ستمبر کو مجلس وحدت مسلمین نے لاہور وزیر اعلیٰ ہاوس کے سامنے دھرنا دینے کا اعلان کر رکھا ہے۔اس دھرنے میں کارکنوں کی بھرپور شمولیت ہو گی اور آئندہ لائحہ عمل کا اعلان دھرنے میں ہی کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :