کراچی میں ایم کیو ایم اپنے کرتوتوں اور قومی سلامتی کے خلاف مسلسل اعمال کی وجہ سے بے نقاب ہوگئی ، ٹی وی چینلز پر دہشت گرد حملے آزادی صحافت پر قد غن ہیں ،آئین اور قانون کے مطابق مجرموں اورقومی سلامتی کے خلاف کام کرنے والوں کے خلاف سخت ترین کاروائی کی جائے

جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ کی صحافیوں سے گفتگو

منگل 23 اگست 2016 21:30

لاہور/کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 اگست ۔2016ء) جماعت اسلامی پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ کراچی میں ایم کیو ایم اپنے کرتوتوں ،دہشت گردی اور قومی سلامتی کے خلاف مسلسل اعمال کی وجہ سے بے نقاب ہوگئی ہے،میڈیا چینلز پر دہشت گرد حملے آزادی صحافت پر قد غن ہیں ،آئین اور قانون کے مطابق مجرموں اورقومی سلامتی کے خلاف کام کرنے والوں کے خلاف سخت ترین کاروائی کی جائے۔

منگل کو لاہور اور کراچی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئیلیاقت بلوچ نے کہاکہ سانحہ کوئٹہ کے بعد سیاسی قیادت باہم دست و گریبان ہو گئی ہے۔ملک دشمن قوتوں نے اپنا کھیل بڑی مہارت سے کھیل لیا، لیکن وفاقی ،صوبائی اور عسکری ذمہ داران کی خاموشی حالات کو گھمبیر کررہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں سیاسی اور سیکورٹی مسائل پر بات چیت ضروری ہے ۔

اسلام آباد اور بلوچستان کے درمیان بے اعتمادی کی وجوہات عملاً دور کی جائیں اور قابل بھروسہ طریقہ اختیار کیا جائے۔لیاقت بلوچ نے لاہور یکی گیٹ کے جماعت اسلامی کے رہنما مرزا تنویر کے ناحق اور بہیمانہ قتل پر کہاکہ حکمران جماعت اور پنجاب حکومت کے ماتھے پر سرخ داغ ہے۔ایک ایسا علاقہ جہاں حکمران پارٹی اور شریف خاندان کا مکمل کنٹرول ہے وہاں بے گنا ہ اور انصاف کے لیے برسر پیکار سیاسی کارکن کا قتل بڑا المیہ ہے۔جماعت اسلامی ظلم کے خاتمہ اور انصاف کے حصول کے لیے ظالموں کو عبرت ناک انجام تک پہنچانے کے لیے ہر دروازے پر دستک دے گی۔