الطاف حسین کی پاکستان مخالف تقریر اور میڈیا ہاؤسز پر حملوں کیلئے اکسانا قابل مذمت ہے‘ریاستی دہشتگردی میں ملوث اور راء کی آلہ کار جماعت پر پابندی لگائی جائے‘کراچی میں12مئی کے واقعہ کو دوبارہ دہرانے کی کوشش کی گئی ہے

امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصوداحمدکا لاہور میں اہم اجلاس سے خطاب

منگل 23 اگست 2016 21:25

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 اگست ۔2016ء) امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کہاہے کہ کراچی میں ایم کیوایم کے مشتعل کارکنوں کی جانب سے ریڈزون میں میڈیا ہاؤسز پرحملے،گارڈز اور عملے پر تشدد متعدد ڈی ایس این جی کانذرآتش کرنا افسوس ناک اور قابل مذمت اقدام ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں ایک اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہاکہ الطاف حسین کی شرانگیزپاکستان مخالف تقریراور کارکنوں کو شہر کے حالات خراب کرنے کے لیے اکسانا،ٹی وی چینلز میں توڑ پھوڑ نے ثابت کردیا ہے کہ کہ ایم کیوایم محب وطن جماعت نہیں بلکہ وہ انڈین راء اور دیگر بیرونی دشمن قوتوں کی آلہ کار ہے۔جماعت اسلامی حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ اس ریاستی دہشتگردی کو کسی بھی صورت میں برداشت کرنے کی بجائے ایم کیو ایم پر پابندی لگائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ 25برسوں سے روشنیوں کے شہرکراچی کو ٹارگٹ کلرز،بھتہ خوروں اور دیگر جرائم پیشہ عناصر کے رحم وکرم پر چھوڑدیا گیا ہے۔سیکیورٹی فورسز کی محنت سے کراچی پُرامن شہر بنتاجارہا ہے اسی لیے ایم کیو ایم نے ایک مرتبہ پھر 12مئی والاواقعہ دوہرانے کی کوشش کی ہے۔قانون نافذ کرنے والے ادارے،حکومت اور صوبائی وضلعی انتظامیہ شرپسند عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹیں۔

میاں مقصود احمد نے کہاکہ حکومت پاکستان باقاعدہ سلطنت برطانیہ سے الطاف حسین کی نفرت انگیز تقریر اور امن وامان کی صورتحال خراب کرنے کے لیے کارکنوں کے جذبات کو بھڑکانے کامعاملہ اٹھائے۔ایک برطانوی شہری کو پاکستان کے اندر فسادات کروانے کے جرم میں گرفتار کیاجانا چاہئے۔کراچی میں آگ وخون کے کھیل کھیلنے والوں کوعبرتناک انجام تک پہنچانا ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ اب وقت آگیا ہے کہ وطن عزیز کو دشمنوں کے آلہ کاروں سے آزاد کراتے ہوئے یہاں محب وطن لوگوں کو ملک کی باگ ڈور سونپی جائے۔ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت ملکی حالات کو خراب کیاجارہا ہے۔سیاسی عدم استحکام ملک وقوم کی سلامتی کے لیے سب سے بڑاخطرہ ہے۔انہوں نے مزیدکہاکہ ایم کیوایم نے شہر قائد کو ٹارگٹ کلرز،بھتہ خوری،بوری بند لاشوں کے سواکچھ نہیں۔ہزاروں افراد کو لسانی بنیادوں پر موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔ان کے مجرمان کو بھی کیفرکردار تک پہنچایاجانا چاہئے۔