حکومت کے موثر اورفوری اقدامات کے باعث گمشدہ بچوں کی گھروں میں واپسی یابازیابی ممکن ہوئی ہے،بچوں کیخلاف ہونیوالے جرائم کو ناقابل ضمانت جرم قرار دینے کیلئے قانون سازی کی جائے، گداگری بچوں کا مقدر نہیں،انہیں اچھا اورمفید شہری بنانا ہے،بچوں سے گداگری کے خاتمے کیلئے حکمت عملی مرتب کی جائے

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا لاپتہ بچوں کے حوالے سے قائم سٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب وزیراعلیٰ کا لاپتہ بچوں کی گھروں میں واپسی یا بازیابی کیلئے کیے جانے والی کاوشوں پر اطمینان کا اظہار

منگل 23 اگست 2016 21:24

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 اگست ۔2016ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیر صدارت منگل کولاپتہ بچوں کے حوالے سے قائم سٹیئرنگ کمیٹی کااجلاس منعقد ہوا۔وزیراعلیٰ نے لاپتہ بچوں کی گھروں میں واپسی یا بازیابی کیلئے کیے جانے والی کاوشوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ ادارے لاپتہ بچوں کی گھروں میں واپسی یا بازیابی کیلئے تسلسل کے ساتھ موثرکوششیں جاری رکھیں اور اس ضمن میں پیشہ وارانہ انداز میں کام کیا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ گمشدہ بچوں کی گھروں میں واپسی یا بازیابی کیلئے کیے گئے اقدامات قابل تعریف ہیں اورپنجاب حکومت کے موثر اورفوری اقدامات کے باعث گمشدہ بچوں کی گھروں میں واپسی یابازیابی ممکن ہوئی ہے ۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ عدالتوں میں زیر سماعت کیسوں کو جلد نمٹانے کیلئے پراسیکیوشن محکمہ فعال اور متحرک انداز میں فرائض سرانجام دے اوربچوں کیخلاف ہونیوالے جرائم کو ناقابل ضمانت جرم قرار دینے کیلئے قانون سازی کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ گد اگر بچوں کو سکولوں میں لانے کیلئے پلان مرتب کیا جائے اورایسے بچوں کی فلاح وبہبود اور بحالی کیلئے اقدامات کیے جائیں ۔انہوں نے کہا کہ گداگری بچوں کا مقدر نہیں،انہیں اچھا اورمفید شہری بنانا ہے۔اس لئے گداگری کے خاتمہ کیلئے تمام پہلوؤں کاجائزہ لے کر حکمت عملی مرتب کی جائے۔اجلاس کو بتایاگیا کہ گزشتہ 6روزمیں 18لاپتہ بچوں کی گھروں میں واپسی یا بازیابی ہوئی ہے ۔صوبائی وزیر رانا ثناء اﷲ ،معاون خصوصی رانا مقبول احمد،ایم پی اے جہانگیر خانزادہ،چیف سیکرٹری،ایڈووکیٹ جنرل پنجاب، چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئربیور،ایم پی اے صباء صادق،انسپکٹر جنرل پولیس ،سیکرٹری داخلہ اوراعلی پولیس حکام کے علاوہ متعلقہ افسروں نے اجلاس میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :