مختلف سیاسی ، سماجی اور مذہبی جماعتوں کا الطاف حسین کو انٹرپول کے ذریعے پاکستان لاکرسخت کارروائی کا مطالبہ

ایم کیو ایم پر پاکستان میں پابندی عائد کی جائے،آرمی چیف جنرل ، را ایجنٹوں کے خلاف کاروائی کریں، جماعتوں کے رہنماؤں کامطالبہ

منگل 23 اگست 2016 21:22

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 اگست ۔2016ء) اسلام آباد کی مختلف سیاسی ، سماجی اور مذہبی جماعتوں نے الطاف حسین کے بیان کی مذمت کی ، تمام جماعتوں نے مل کر فیصلہ کیا کہ الطاف حسین کو انٹرپول کے ذریعے پاکستان لاکر اس کے خلاف کاروائی کی جائے، ایم کیو ایم پر پاکستان میں پابندی عائد کی جائے،آرمی چیف جنرل راحیل شریف بھارتی خفیہ ادارے را کے ایجنٹوں کے خلاف کاروائی کریں۔

منگل کو اسلام آباد کی تمام سیاسی، سماجی اور مذہبی جماعتوں نے ایم کیو ایم کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا ، جس میں تحریک جوانان پاکستان، پاکستان تحریک انصاف ، پاکستان علماء انٹرنیشنل کونسل و استحکام پاکستان کونسل ، پختون قومی اتحاد ، پاکستان محب وطن پارٹی ، جموں کشمیر سوسائٹی اور او جی ڈی سی ایل کی سی بی اے یونین نے شر کت کی ۔

(جاری ہے)

تمام جماعتوں نے کہا کہ پاکستان کے غداروں کو کسی بھی قیمت پر نہیں چھوڑیں گے، ایم کیو ایم نے ہمیشہ بھارت سے پیسہ لیا اور پاکستان کے خلاف ہمیشہ سازش کی ۔

کراچی میں کاروبار کا بیڑا غرق کیا،کراچی میں بے روزگاری کی وجہ ایم کیو ایم ہے، کاروباری حضرات کراچی چھوڑنے پر مجبورہوگئے ہیں، کراچی میں لاکھوں قتل میں ایم کیو ایم ملوث ہے، سانحہ بلدیہ ٹاؤن فیکٹری میں280 لوگوں کو قتل کیا لیکن آج بھی سب دندناتے پھرتے ہیں کوئی پوچھنے والا نہیں ، ہمیں اب تک کے تما م مظالم کا حساب ایم کیو ایم سے لینا ہے۔