الطاف حسین کو ایم کیوایم کے معاملات سے الگ کرنے کے اعلان کے بعد شہر قائد میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ، نائن زیرو اور عزیز آباد میں الطاف حسین کے گھر کے باہر پاکستان زندہ باد کے پرزور نعرے ، مٹھائیاں تقسیم

منگل 23 اگست 2016 21:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 اگست ۔2016ء) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کو پارٹی معاملات سے الگ کرنے کے اعلان کے بعد شہر قائد میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ، نائن زیرو اور عزیز آباد میں الطاف حسین کے گھر کے باہر خواتین کے پاکستان زندہ باد کے پرزور اور پرمسرت نعرے ،شہر کے مختلف مقامات پر مٹھائیاں بانٹی گئیں ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق منگل کو متحدہ قومی موومنٹ کے قومی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر فاروق ستار نے ساتھی پارلیمنٹرینز کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایم کیو ایم قائد الطاف حسین کو پارٹی معاملات سے الگ کرنے کا اعلان کردیا۔

جس کے بعد کراچی سمیت پاکستان بھر میں خوشی کی لہردوڑ گئی ، ایم کیو ایم کے اعلان کے بعد شہر قائد میں نائن زیرو ، عزیز آباد میں الطاف حسین کے گھرسمیت کئی مقامات پر شہریوں نے پاکستان زندہ باد اور جیوے جیوے پاکستان کے پر زور اور پرمسرت نعرے لگائے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق شہر کے مختلف مقامات پر مٹھایاں تقسیم کی گئیں ، شہریوں کی طرف سے ایم کی ایم رابطہ کمیٹی کے فیصلے کو خوش آئند اور حب الوطبی کا ثبوت قرار دیا گیا ہے