کراچی میں میڈیا ہاؤسز پر حملہ آزادی صحافت پر حملہ ہے ، میر سرفراز بگٹی

را سے مراعات حاصل کرنے والے اپنے مفادات کی تکمیل چاہتے ہیں ، صوبائی وزیر داخلہ ٹی وی چینلز کے دفاتر پر دھاوے میں ملوث افراد کو کیفرکردار تک پہنچانے کیلئے وفاقی حکومت عہد کرچکی ہے ، حملے میں ملوث افراد کو جلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا ، احتجاجی مظاہرے سے خطاب

منگل 23 اگست 2016 21:08

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 اگست ۔2016ء ) صوبائی وزیر داخلہ اور مسلم لیگ ن کے رہنماء میرسرفرازاحمد بگٹی نے کہا ہے کہ کراچی میں میڈیا ہاؤسز پر حملہ آزادی صحافت پر حملہ ہے ،را سے مراعات حاصل کرنے والے اپنے مفادات کی تکمیل چاہتے ہیں ،سیاسی کارکنوں کی آڑ میں ایم کیو ایم نے 4ہزار غنڈے پال رکھے ہیں جن کا مقصد پورے سندھ میں بدامنی اورقتل وغارت گری کرنا ہے ،ٹی وی چینلز کے دفاتر پر دھاوے میں ملوث افراد کو کیفرکردار تک پہنچانے کیلئے وفاقی حکومت عہد کرچکی ہے ، حملے میں ملوث افراد کو جلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا ،حکومت ایم کیو ایم کے اس ملک دشمن سرگرمیوں کیخلاف 1990کی طرز پر آپریشن کرے ۔

انہوں نے یہ بات منگل کے روز بلوچستان یونین آف جرنلسٹ کے زیر اہتمام میڈیا ہاؤسز پر حملے کیخلاف کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔

(جاری ہے)

مظاہرین سے بلوچستان یونین آف جرنلسٹ کے صدر حماد اﷲ سیاپاد‘ کوئٹہ پریس کلب شہزادہ ذوالفقاراور ایوب ترین نے بھی خطاب کیا ‘ صوبائی وزیر داخلہ نے کہاکہ بدنام زمانہ الطاف حسین برطانیہ میں بیٹھ کر پاکستان کیخلاف انڈیا کے کہنے پرسازشیں کر ہاہے جس کی ہم کسی صورت اجازت نہیں دینگے اس سے قبل بھی الطاف حسین نے شراب کے نشے میں دھت ہوکر پاکستان کیخلاف انتہائی گندی زبان استعمال کرتے ہوئے ملک دشمن قوتوں کا ساتھ دیا اور بعد میں معافی مانگی لیکن اس دفعہ ان کی معافی ناقابل قبول ہیں انہوں نے کہاکہ پاکستان کے تمام لیڈرشپ اور حکومت ملکر اس طرح ملک دشمن عناصر کیخلاف متحد ہو جائے اور پاکستانی عوام کا مطالبہ ہے کہ جس طرح1990میں اس جماعت کیخلاف فوجی آپریشن کیاگیا بالکل اسی طرح طرز کا آپریشن ایک بار پھر کراچی میں ان کیخلاف کیا جائے تاکہ کراچی اور سندھ میں سکون آسکے اس جماعت نے سیاسی کارکنوں کی آڑ میں 4ہزار کے قریب غنڈے پال رکھے ہیں جن کا مقصد پورے سندھ اور بالخصوص کراچی میں بدامنی اورقتل وغارت گری کرنا ہے جس کے بدلے میں وہ بھارتی خفیہ ایجنسی را سے مراعات حاصل کرتے ہیں انہوں نے کہاکہ ہم کراچی کے عام مہاجر کیخلاف نہیں لیکن کچھ لوگ اپنے ذاتی مقاصد کیلئے اس نعرے کو استعمال کرکے اپنے مفادات کی تکمیل چاہتے ہیں جس طرح گزشتہ روز مختلف ٹی وی چینلز کے دفاتر پر دھاوے بول دئیے گئے ہیں ان میں ملوث افراد کو کیفرکردار تک پہنچانے کیلئے وفاقی حکومت عہد کرچکی ہے جو لوگ بھی اس حملے میں ملوث ہے انہیں جلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا ۔

متعلقہ عنوان :