Live Updates

متحدہ ایک دہشتگرد اور" را" کی ایجنٹ تنظیم ہے اس پر فوری طور پابندی لگائی جائے،امیر بھنبھرو

منگل 23 اگست 2016 21:05

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 اگست ۔2016ء) سندھ نیشنل پارٹی کے سربراہ امیر بھنبھرو نے ایم کیو ایم کے مسلح دہشتگردوں کی جانب سے میڈیا پر حملے اور ملک کے خلاف الطاف حسین کی اشتعال انگیز تقاریر کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اپنے جاری کئے گئے پریس بیان میں کہا ہے کہ سندھ نیشنل پارٹی کا پہلے دن سے ہی واضح موقف رہا ہے کہ متحدہ ایک دہشتگرد اور" را" کی ایجنٹ تنظیم ہے اس پر فوری طور پابندی لگائی جائے لیکن افسوس ہمارے احتجاجوں اور کی گئی نشاندہیوں کو ہمیشہ نظرانداز کیا گیا لیکن آج ہماری کہی ہوئی باتیں ثابت ہو رہی ہیں، متحدہ ایک دہشتگرد اور لسانی تنظیم ہے، جو نہیں چاہتی کہ ملک مضبوط ہو، امیر بھنبھرو نے مزید کہا کہ کسی ملک دشمن قوت کو یہ اجازت نہیں دی جائے گی کہ وہ ہمارے ملک کے خلاف اشتعال انگیز تقاریریا باتیں کریں ، ایسے ملک دشمن عناصروں کو کسی صورت میں معاف نہ کیا جائے اور ان کے خلاف سخت اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ کسی دوسری دشمن قوت میں یہ جرت نہ ہو کہ وہ ہمارے ملک کے خلاف متحدہ کے قائد کی طرح اپنی گندی زبان استعمال کرے، انہوں نے مزید کہا کہ الطاف حسین کے ساتھ ساتھ متحدہ کو منانے والوں کے خلاف بھی کاروائی کی جائے جو دہشتگردوں کی سرپرستی کررہے ہیں، ہمیشہ اپنی کرسی کو بچانے کی خاطر متحدہ کا ساتھ دیکر ملک کو نقصان پہنچانے والوں کو بھی سزا دی جائے تاکہ آئندہ کسی میں جرت نہ ہو کہ وہ ملک دشمن "را "کے ایجنٹوں کا ساتھ دے، امیر بھنبھرو نے مزید کہا کہ متحدہ کی جگہ پر اگر کوئی قومپرست پارٹی ایسا کرتی تو اس پارٹی کے نوجوانوں کے نا جانے کتنے تشدد شدہ لاش ملتے، معلوم نہیں کیوں متحدہ کو اتنی کھلی چھوٹ مل رہی ہے کہ ان کے رہنماء ملک اور ملک کی سلامتی کے دعویداروں کے خلاف اپنی گندی زبان استعمال کرتے رہے ہیں، امیر بھنبھرو نے مزید کہا کہ سندھ نیشنل پارٹی نے اپنی نشاندہی کے تحت خدمت خلق فاؤنڈیشن کی ایمبولنسز کو نروار کیا ، حملے کرانے کے لئے اسی ایمبولنسز میں ایم کیو ایم کے مسلح دہشتگردوں کو میڈیا کے دفاتروں پر لایا گیا، جنہوں نے میڈیا کے دفاتروں کو بہت نقصان پہنچایا، اب ملک کا عوام یہ ہی مطالبہ کررہا ہے کہ دہشتگرد تنظیم متحدہ اور ان کے تمام اداروں پر پابندی لگاکر رابطہ کمیٹی کے رہنماؤں پر فوری طور غداری کے مقدمات درج کئے جائیں۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات