وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی تاریخ و ادبی ورثہ عرفان صدیقی کی جنوبی افریقہ کی نائب وزیرخارجہ سے ملاقات، وزیراعظم محمد نواز شریف کی طرف سے صدر زوما کیلئے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعلقات میں اضافہ ہوا ہے، عرفان صدیقی

منگل 23 اگست 2016 19:55

اسلام آباد ۔ 23 اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔23 اگست ۔2016ء) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی تاریخ و ادبی ورثہ عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعلقات میں اضافہ ہوا ہے۔ عرفان صدیقی جو جنوبی افریقہ کے سرکاری دورہ پر ہیں، نے جنوبی افریقہ کی نائب وزیرخارجہ نومندیا مفکیٹو سے ملاقات کی۔

اس موقع پر جنوبی افریقہ کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے جب کہ پاکستان کے ڈپٹی ہائی کمشنر نجم الثاقب نے معاون خصوصی کی معاونت کی۔ عرفان صدیقی اور جنوبی افریقہ کی نائب وزیر نے دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ان میں مزید وسعت آئے گی۔

(جاری ہے)

نائب وزیر نے معاون خصوصی اور ان کے وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اسلام آباد میں رواں سال نومبر میں جوائنٹ کمیشن کے اجلاس میں تفصیلی ملاقات ہو گی ۔

اس موقع پر نومندیا مفکیٹونے کہا کہ وہ پاکستان سے دوستانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتی ہیں۔ عرفان صدیقی نے وزیراعظم محمد نواز شریف کی طرف سے صدر زوما کیلئے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا اور انہوں نے بھی ایسے ہی جذبات کا اظہار کیا۔ عرفان صدیقی نے جنوبی افریقہ میں حال ہی میں منعقد ہونے والے لوکل الیکشنز پر اطمینان کا اظہار اور پاکستان اور جنوبی افریقہ میں جمہوری نظام کے تسلسل پر تبادلہ خیال کیا۔

اس سے قبل ان کی جوہانسبرگ ائرپورٹ آمد کے موقع پر پرتپاک استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر ڈپٹی ہائی کمشنر اور پاکستانیوں کی بہت بڑی تعداد موجود تھی۔ عرفان صدیقی نے پاکستان ہائی کمیشن کا بھی دورہ کیا اور مہمانوں کی کتاب میں تاثرات قلمبند کیے۔ ہائی کمیشن کے ملازمین معاون خصوصی کو اپنے درمیان پاکر بے حد خوش ہوئے۔