ملک کو ترقی یافتہ بنانے کے لئے نوجوان نسل کو معیاری تعلیم سے آراستہ کرنا ہو گا‘رانا مشہود احمد

پنجاب بھر میں بھٹہ مزدوروں کے 55ہزار سے زیادہ بچے بچیوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کیا جا رہا ہے پنجاب میں تعلیمی اداروں کا جال بچھایا جا رہا ہے،آج کا نوجوان اپنے حقوق سے آگاہی رکھتا ہے‘تقریب سے خطاب

منگل 23 اگست 2016 19:06

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 اگست ۔2016ء ) وزیر تعلیم پنجاب رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ ملک کو ترقی یافتہ بنانے کے لئے نوجوان نسل کو معیاری تعلیم سے آراستہ کرنا ہو گا، نوجوان پاکستان کا روشن مستقبل ہیں،ہمیں مثبت سرگرمیوں سے نوجوانوں کی استعدادِ کار میں اضافہ کرنا ہے،وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق پنجاب بھر میں بھٹہ مزدوروں کے 55ہزار سے زیادہ بچے بچیوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کیا جا رہا ہے۔

صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خاں نے پنجاب انسٹیٹیوٹ آف لینگویج اینڈ کلچرمیں پنجاب حکومت اور برگدنامی این جی کی جانب سے منعقدہ تقریب ’’یوتھ پیس فیسٹیول2016‘‘سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کی شکل میں روشن اور مستحکم پاکستان دیکھ رہا ہوں۔

(جاری ہے)

آج کا نوجوان اپنے حقوق سے آگاہی رکھتا ہے۔تقریب میں سیکرٹری ادارہ امورِ نوجوانان، کھیل، آثارِ قدیمہ ، سیرو سیاحت نیئر اقبال، ڈی ایم ڈی ٹورازم احمر ملک ، ایگزیکٹیو ڈائریکٹر برگد صبیحہ شاہین اور صوبہ بھر سے نوجوانوں نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ حکومت پنجاب وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف کی قیادت میں صوبہ بھر میں فروغ تعلیم اور جہالت کے خاتمے کو یقینی بنانے کے لئے بھر پور ،ٹھوس اور مثالی اقدامات کر رہی ہے ۔صوبہ میں تعلیم کا بجٹ دو ارب سے بڑھا کر 22ارب کر دیا گیا ہے ۔ہر سال ہزاروں اساتذہ کی میرٹ پر تقرری ،اساتذہ کا تربیتی پروگرام، سکولوں و کالجوں کی تعداد میں اضافہ ،سائنس و کمپیو ٹر لیبارٹریوں کا قیام ،نمایاں کارکردگی کے حامل اساتذہ اور طلباء وطالبات میں لیپ ٹاپ کی تقسیم،غیر ملکی مطالعاتی دورے اور ٹاپ پوزیشنز حاصل کرنے والے سٹوڈنٹس کو گارڈ آف آنر پنجا ب حکومت کی جانب سے ان کی صلاحیتوں کا اعتراف ہے۔

پاکستانی نوجوان جوش و جذبے سے بھر پور ہیں اور اس طرح کے پروگرامز کے انعقاد سے جہاں ان کو اپنی آواز بلند کرنے اور دوسروں تک پہنچانے کا موقع ملتا ہے وہیں آج کے عدم برداشت کے اس ماحول میں کردار سازی کے مواقع بھی میسر آتے ہیں۔ صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی سربراہی میں پنجاب حکومت تعلیم کے شعبہ میں بہتری کیلئے ترجیحی بنیادوں پر کام کررہی ہے،پنجاب بھر میں میرٹ پر ایجو کیٹرز کی بھرتی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پچھلے مرحلہ میں بھرتی ہونے والے ایجوکیٹرز کی محنت اور لگن سے سرکاری سکولوں کے نتائج میں بہتری آئی ہے جس سے تبدیلی کے سفر کا آغاز ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 1997ئسے قبل امیر لوگوں کے بچے پوزیشن لیا کرتے تھے آج معیاری تعلیم اور میرٹ پر بھرتی ہونے والے ایجوکیٹرز کی صلاحیتوں کی بدولت غریبوں کے بچے پوزیشنز لے رہے ہیں، بوٹی مافیا کا خاتمہ ہو چکا ہے، تعلیم کے شعبہ سے سیاسی عمل دخل ختم کر دیا گیا ہے، اساتذہ کی بھرتی سے سیاسی کوٹہ ختم کردیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ محب وطن پاکستانیوں کے لئے تجدید عہد کے اس مہینے اگست میں الطاف حسین کے وطن کے خلاف دیئے جانے والے بیان کی شدید مذمت کرتا ہوں۔ یوتھ فیسٹیول2016کے دوران سیکرٹری ادارہ امورِ نوجوانان، کھیل، آثارِ قدیمہ ، سیر سیاحت نیئر اقبال نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی مثبت سرگرمیوں سے نوجوانوں کو نہ صرف ایک پہچان ملتی ہے بلکہ ایسے مواقع فراہم ہوتے ہیں جس سے نوجوان ایک مثبت معاشرتی بدلاؤ لانے کا ذریعہ بن سکیں۔تقریب کے اختتام پر صوبائی وزیر نے نوجوانوں میں یوتھ پیس ایوارڈ بھی تقریب کئے گئے -