نواز شریف اگلی مدت میں بھی وزیر اعظم ہونگے، شیخ آفتاب احمد

مٹھی بھر عناصر سڑکوں پر سڑنے کی بجائے گھروں میں آرام کریں، دھرنے ‘ریلیاں پاکستان کیخلاف سازش ہیں،وفاقی وزیر ڈھوک شاہڈھیر کی سڑک کیلئے 80لاکھ روپے کی گرانٹ دینے کا اعلان

منگل 23 اگست 2016 18:47

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔23 اگست ۔2016ء) وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے کہا ہے کہ دھرنے اور ریلیاں پاکستان کو ترقی و روشن مستقبل کی شاہراہ سے اتارنے کی سازش ہیں، مسلم لیگ(ن) اور نواز شریف عوام کے مینڈیٹ سے اقتدار میں ہیں، میاں نواز شریف 5 سالہ مدت پوری کرنے کے ساتھ ساتھ آئندہ بھی 5سال کیلئے وزیر اعظم منتخب ہونگے ، مٹھی بھر عناصر گرمی میں باہر سڑنے کی بجائے گھروں میں آرام کریں کیونکہ عوام ان کے ساتھ نہیں،ملک میں مستحکم جمہوریت کیلئے آزاد صحافت ضروری ہے ، حکومت صحافیوں کو تحفظ دینے کیلئے ہر قدم اٹھائے گی جبکہ ان کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کرنے والے عناصر کے خلاف کارروائی کی سفارش کرینگے، اٹک اور حضرو کو بڑے شہروں کی تمام سہولیات دینگے ، سوئی گیس اور سڑکوں کے منصوبے جاری ہیں، ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد نے صحافی نثار علی خان کے گاوٴں کی واحد سڑک کی پختگی اور کارپٹ روڈ کیلئے 80لاکھ روپے کی سکیم پر جلد کام شروع کرنے کا اعلان کیا، وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ مسلم لیگ(ن) میاں نواز شریف کی قیادت میں پاکستان کو ایشیئن ٹائیگر بنانے کیلئے تمام تر توانائیاں صرف کررہی ہے ، ایک سوال پر شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ گوادرمنصوبہ پاکستان کی ترقی کیلئے ریڑھ کی ہڈی رکھتا ہے ، میاں نواز شریف کی حکمت عملی اور سی پیک منصوبے کی تکمیل سے پاکستان قرض لینے والے ممالک کی صف سے نکل کر قرض دینے والے ممالک میں شامل ہو جائے گا، شیخ آفتاب احمد نے ایک اور سوال پر کہا کہ ہم نے اپنے قائد میاں نواز شریف اور خادم اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف خدمت، عظمت ، شرافت اور عوامی اعتماد کی سیاست کے قائل ہیں مگر نہ جانے کچھ عناصر ملک کو کس طرف لے جانا چاہتے ہیں ، سڑکوں پر دھرنے اور ریلیاں ملک کے نقصان کا باعث ہیں جو دراصل 18کروڑ عوام کا نقصان ہے یہی وجہ ہے کہ عوام اپنے نقصان کے پیش نظر ان کا ساتھ دینے کی بجائے نواز شریف کا ساتھ دیکر انہیں 5سال مدت پوری کرنے اور آئندہ بھی منتخب کرنے کا موقع دے رہے ہیں، وفاقی وزیر نے معروف صحافی نثار علی خان سے ان کے گاوٴں کی سڑک جلد مکمل کرنے اور صحافیوں کے مسائل حل کرنے کا وعدہ کیاجس پر نثار علی خان نے ان کا شکریہ ادا کیا۔