برطانیہ پاکستان کے خلاف اپنی سرزمین کو استعمال ہونے سے روکے اپوزیشن لیڈر

قائد ایم کیو ایم نے پاکستان کیخلاف بیان دیکر خود ہی اپنی پاکستانی شہریت ختم کردی ہے حکومت فوری برطانیہ سے رابطہ کرے خورشید شاہ پیپلزپارٹی سمیت کوئی بھی سیاسی جماعت ملک کی عزت پر سمجھوتہ نہیں کرسکتی میڈیا سے گفتگو

منگل 23 اگست 2016 17:58

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 اگست ۔2016ء) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ قائد ایم کیو ایم نے پاکستان کیخلاف بیان دے کر خود ہی اپنی پاکستانی شہریت ختم کردی ہے حکومت فوری برطانیہ سے احتجاج کرے۔پارلیمنٹ ہاوٴس اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے قائد حزب اختلاف نے کہاکہ ایم کیو ایم کے قائد نے گزشتہ روز پاکستان کے خلاف بیان دے کر خود اپنی پاکستانی شہریت ختم کردی ہے اب وہ دور نہیں کہ زور زبردستی سے میڈیا کی آواز کو دبایا جاسکے ان کے بیان کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت فوری طور پر برطانوی ہائی کمشنر کو بلا کر احتجاج کرے اور بتائے کہ برطانیہ کی سرزمین پاکستان کی سالمیت کے خلاف استعمال ہورہی ہے برطانیہ پاکستان کے خلاف اپنی سرزمین کو استعمال ہونے سے روکے۔

(جاری ہے)

سید خورشید شاہ نے کہاکہ پیپلزپارٹی سمیت کوئی بھی سیاسی جماعت ملک کی عزت پر سمجھوتہ نہیں کرسکتی، ایم کیوایم میں بھی بہت سے اچھے لیڈر اور سیاسی ورکرز موجود ہیں لیکن قائد ایم کیو ایم نے اپنی ہی جماعت کو بے دردی سے نقصان پہنچانے کے ساتھ اچھے ورکرز کی ساکھ کو خاک میں ملادیا۔

انہوں نے کہاکہ ملک کے نظریئے کو تسلیم نہ کرنے والوں کے ساتھ بحیثیت سیاسی ورکرز رہنا مشکل ہے اور اب ایم کیو ایم کے سیاسی ورکرز کیلئے بھی اپنے قائد کے ساتھ کام کرنا مشکل ہوگا۔ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ پہلے کوئٹہ اور اب کراچی کی صورتحال میں بھارت ملوث ہے انہوں نے کہاکہ برطانیہ کو احتجاجی خط لکھنے کی ضرورت نہیں ۔