ملک دشمن تقریرسننے اور نجی ٹی وی پر حملہ کرنے کے الزام میں ایم کیو ایم کے 3رہنما جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

قمر منصور ، کنور نوید جمیل اور شاہد پاشااور 11کارکنوں کو انسداد دہشت گردی کی منتظم عدالت میں پیشی ،رہنماوٴں کا میڈیکل چیک اپ کرانے کا حکم

منگل 23 اگست 2016 17:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 اگست ۔2016ء) سندھ ہائی کورٹ میں گزشتہ روز ملک دشمن تقریر سننے اور سہولت کاری کے الزام اور نجی ٹی وی پر حملہ کرنے پر ایم کیو ایم کے 11 کارکنان سمیت تین رہنماؤں قمر منصور ، کنور نوید جمیل اور شاہد پاشا کو 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیاہے۔

(جاری ہے)

منگل کو ایم کیوایم کے 3رہنماؤں قمرمنصور، کنورنویدجمیل ،شاہدپاشا، عبد الرحمان ، رشید ،سبحان،عرفان ، فہیم دانش ، محمد سلیم ، ندیم ، محمد آصف ، ناصر ، صبیح الدین اور شمس اللہ کوسخت سیکورٹی میں سندھ ہائی کورٹ میں انسداددہشت گردی عدالت کے منتظم جج فاروق شاہ کے روبروپیش کیاگیا۔

دوران سماعت عدالت کو تفتیشی افسرنے بتایا کہ تینوں ملزمان پر ملک دشمن تقریر سننے پر سہولت کاری کا الزام ہے ملزمان پر غداری کا مقدمہ درج ہے عدالت نے تینوں رہنماؤں کو تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا جبکہ جلاؤ گھیراؤ اور نجی ٹی وی پر حملہ کرنے میں ملوث 11 کارکنان کو بھی عدالت نے تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔ واضح رہے کہ ایم کیو ایم کے تینوں رہنماؤں کو ان کی استدعا پر انکا میڈیکل چیک اپ کرانے کا پولیس کو حکم بھی دیا ہے۔