Live Updates

ٹی وی چینلز پر حملے قابل مذمت عمل ہے، اختلاف رائے معاشرے کا ایک جزو ہے‘عابد حسین صدیقی

منگل 23 اگست 2016 17:31

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 اگست ۔2016ء ) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما عابد حسین صدیقی نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی اظہار کی آزادی پر یقین رکھتی ہے، ٹی وی چینلز پر حملے قابل مذمت عمل ہے، اختلاف رائے معاشرے کا ایک جزو ہے، اس کا احترام ضروری ہے، پاکستان کی تاریخ میں یہ منفرد اور نہایت افسوسناک واقعہ ہے کہ میڈیا ہاؤسز کو اس طرح نشانہ بنایا گیا۔

توڑپھوڑ کے واقعات اور عدم برداشت کے روئیے کسی بھی طور پر مناسب نہیں۔

(جاری ہے)

آزادی صحافت کے لئے صحافیوں نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں،واقعہ پاکستان کو غیرمستحکم کرنے کیلئے ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ہم نے پاکستان کے سسٹم کو بچانا ہے۔ جو کچھ ہوا غیرآئینی اور غیرقانونی تھا۔ مصالحت اور مفاہمت پاکستان کو مستحکم کرنے کیلئے ہے۔ قانون سب کیلئے برابر ہے واقعات میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے انہوں نے کہا کہ اس طرح کا طرزعمل معاشرے میں بڑھتے ہوئے عدم برداشت کے رویوں کی نشاندہی کر رہا ہے۔ معاملے کی مکمل تحقیقات کی جائیں اور واقعے میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔ جمہوری معاشرے میں بات بندوق نہیں دلیل سے منوائی جاتی ہے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات