= الطاف حسین نے پاکستان کودنیا کیلئے ناسور اور عذاب کہہ کر 20کروڑ مسلمانوں کے لہو سے غداری کی ہے صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر

منگل 23 اگست 2016 17:24

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 اگست ۔2016ء) جمعیت علماء پاکستان (نورانی) و ملی یکجہتی کونسل کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیرنے کہا ہے کہ الطاف حسین نے پاکستان کودنیا کیلئے ناسور اور عذاب کہہ کر 20کروڑ مسلمانوں کے لہو سے غداری کی ہے پاکستان کے غیور عوام کے سامنے راء کے ایجنٹ کے مکروہ عزائم اب مکمل طورپر بے نقاب ہو چکے ہیں ہمارے قائد علامہ شاہ احمد نورانی رحمۃ اﷲ علیہ روز اول سے یہ بات کہہ رہے تھے کہ الطاف حسین راء کے ایجنٹ اور مہاجروں کے لارئنس آف عربیہ ہیں اور وہ میر جعفر و میر صادق ثابت ہوں گے مگر افسوس قوم عصبیت کے نعروں میں اندھی ہو چکی تھی آج پوری قوم نے خود دیکھ لیا کہ علامہ شاہ احمد نورانی رحمۃ اﷲ علیہ اور ان کی جماعت کہہ رہی تھی وہ سچ ثابت ہوئی اور راء کے ایجنٹ کا کردار ادا کرنے والے الطاف حسین نے پاکستان کے خلاف نعرے لگا کراپنے مکروہ عزائم سے خود ہی پردہ اٹھا دیا انہوں نے کہا کہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے والے راء کے ایجنٹوں کے خلاف پوری قوم اٹھ کھڑی ہوئی ہے 20کڑور عوام پاکستان زندہ بادکا نعرہ لگاتے ہوئے میدان عمل میں نکل آئے ہیں آپریشن ضرب عضب کرنے والی مقتدر قوتیں کسی مصلحت اور مصالحت کا شکار ہونے کی بجائے پاکستان کی سلامتی کیخلاف سازشیں کرنے والے ملک دشمن ایجنٹوں کے خلاف پوری قوت سے کاروائی کریں پوری قوم ان کی پشت پر ہے انہوں نے کہا کہ میڈیا سینٹروں پر حملہ کر کے متحدہ قومی مومنٹ حق کی آواز کو جبر کے ذریعہ دبانہ چاہتی ہے یہی وجہ ہے کہ میڈیا سینٹروں کو نشانہ بنایا گیااور دھشت گردی ،غنڈہ گردی کا عملی مظاہرہ پوری دنیا نے مشاہدہ کیا اور یہ ان کا پرانہ طریقہ رہا ہے اب اس کے بعد کسی قسم کے شک اور شبہ کی کوئی گنجائش نہیں رہی کہ دہلی کے فنڈز پر لندن سے کراچی میں دھشت گردی کا نیٹ ورک چلایا جارہا ہے لاشوں کے سودا گرپاکستان میں قتل وغارت گری کابازارگرم کر کے ہندوستان کے مکروہ عزائم کو کامیاب کرنے کی سازشیں کررہے ہیں ان دندہ صفت راء کے ایجنٹوں کوکیفر کردار تک پہنچانے کیلئے پوری قوم پاک فوج کی پشت پر کھڑی ہے انہوں نے اعلان کیا کہ جمعیت علماء پاکستان کے پلیٹ فارم سے ان راء کے ایجنٹوں کے خلاف ملک بھر میں بالعموم اورسندھ میں بالخصوص جیوئے پاکستان ریلیاں نکالی جائیں گی اور مظاہرے کئے جائیں گے ۔