ملکی سا لمیت کے خلاف سازش برداشت نہیں کی جائے گی ، گورنر سندھ

ملوث عناصر کو ہر صورت کیفر کردار تک پہنچا ئیں گے ، شہر کے امن کو ہر صورت برقرار اورکراچی آپریشن آخری دہشت گرد کے خاتمہ تک جاری رکھا جائیگا ٗ قانون ہاتھ میں لینے والوں ، شرپسندوں اور توڑ پھوڑ میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی کی جائیگی، گورنر سندھ، کو ر کمانڈر ملاقات میں عزم کا اظہار

منگل 23 اگست 2016 17:21

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 اگست ۔2016ء) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان سے کور کمانڈر فائیو کور لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار نے آج گورنرہاؤس میں ملاقات کی ۔ ملاقات میں صوبہ میں مجموعی صورتحال ، ٹارگیٹڈ آپریشن ، امن و امان کے قیام اور عید الاضحی سے قبل سیکیورٹی انتظامات سمیت دیگر معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

ملاقات میں اس عزم کا اظہا ر کیا گیا کہ پاکستان کی سالمیت کے خلاف لوگوں کو بھڑکانے یا اکسانے کی کسی بھی سازش کو برداشت نہیں کیا جائے گااور ایسے عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا اورملک کی سلامتی پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی ، شہر کے امن کو ہر صورت برقرار اورکراچی آپریشن آخری دہشت گرد کے خاتمہ تک جاری رکھا جائے گا ۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے اس موقع پر کہا کہ کراچی کا امن پورے ملک کا امن ہے ، امن و امان کا مسئلہ پیدا کرنے والوں کے خلاف سخت ترین کاروائی ہوگی ، قانون ہاتھ میں لینے والوں ، شرپسندوں اور توڑ پھوڑ میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی کی جائے گی۔

گورنر سندھ نے مزید کہا کہ صوبہ میں امن کے قیام کے لئے رینجرز اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں نے بے شمار قربانیاں دی ہیں جنہیں رائیگاں جانے نہیں دیا جائے گااور صوبہ کے عوام کے تحفظ کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :